نواز شریف بانی متحدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے انجام بھی یاد رکھیں، پرویز الٰہی

547

اسلام آباد: اسپیکر پنجاب اسمبلی اور مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نواز شریف بانی متحدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے ان کا انجام یاد رکھیں۔

چوہدری پرویز الہی نے اپنے ایک ویڈیو بیان میں کہاکہ نواز شریف کا رویہ قابل افسوس بھی ہے اور قابل مذمت بھی،نواز شریف ہر وہ کام نہ کریں جو بانی ایم کیو ایم نے کیا، بانی ایم کیو ایم کے نقش قدم پر چلتے ہوئے نواز شریف ان کا انجام بھی یاد رکھیں، آج بانی ایم کیو ایم قومی سیاست میں ماضی کا حصہ بن چکے ہیں۔

اسپیکر پنجاب اسمبلی کا کہنا ہے کہ نواز شریف کا اپنی ہی فوج کے خلاف اعلان جنگ ملک دشمنی نہیں تو اورکیا ہے، بھارتی ذرائع ابلاغ نے نوازشریف کے فوج دشمن بیان پر شادیانے بجائے، ثابت ہوگیاکہ آج بھی نواز شریف بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج وطن کی سلامتی اور استحکام کی ضامن اور آئینی ادارہ ہےاور حکومت کے ساتھ جو تعاون ہوتا ہے وہ بھی آئینی ہے،نوازشریف اس آئینی عمل کی مخالفت کر کے آئین شکنی کے مرتکب ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو آج کشمیریوں کی بھی یاد آگئی،کنٹرول لائن پر بھارتی بمباری کے وقت نوازشریف مودی کیساتھ پگڑیاں بدل رہے تھے اور مودی کیگھر والوں کو ساڑھیاں بھجوا رہے تھے جب اس وقت پاک فوج کنٹرول لائن پر جانوں کے نذرانے پیش کر رہی تھی۔