سانحہ بلدیہ کیس فیصلہ : سہولت کاروں کو سز انہیں دی گئی،حافظ نعیم

836

کراچی : امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہےکہ ماسٹر مائنڈ اور سہولت کاروں کو سز انہیں دی گئی، ملوث لوگ پارٹیاں بدل کر بیٹھ گئے ہیں۔

سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے فیصلے پر حافظ نعیم الرحمن نےمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس میں لواحقین کو جس انصاف کی توقع تھی وہ نہیں ہوا،سانحہ بلدیہ فیکٹری کیس کے ملزمان کو ڈرائی کلیننگ مشین سے دھو دیا گیا ہے۔

امیر کراچی نے کہاکہ جماعت اسلامی انصاف کی فراہمی تک متاثرین کے ساتھ ہے،سانحہ بلدیہ کوئی چھوٹا واقعہ نہیں تھا 377 افراد زندہ جل کر لقمہ اجل بن گئے، لیکن افسوس 8سال گزرنے کے بعد بھی سانحہ بلدیہ کے متاثرین کو مکمل انصاف نہیں ملا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ  جو لوگ حقیقتا اس سانحہ میں ملوث تھے ، انہیں کلین چٹ دے دی گئی۔

امیر کراچی نے سپریم کورٹ پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دوبارہ اس کیس کے تمام ملزموں کو طلب کرکے جے آئی ٹی رپورٹس پر غور کیا جائے اور حقیقی ملزموں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے، یہ رویہ درست نہیں کہ جو مجرم ہے وہ لندن والا ہے اور جو بچ جائے اس کو پاکستان والا کہہ کر چھوڑ دیا جائے۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ 27ستمبر کو ہم حقوق کراچی مارچ میں بھی اس معاملے پر مزید بات کریں گے۔