کورونا وائرس نے دنیا کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا ،میاں زاہد حسین

241

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م وآل کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر اور سابق صوبائی وزیر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ کورونا وائرس نے دنیا کو ہمیشہ کے لیے بدل دیا ہے۔جو ملک اور کاروبار نئے حالات کے مطابق خود کو ڈھال لیں گے وہ ترقی کریں گے جبکہ باقی پیچھے رہ جائیں گے۔اس وقت سب سے زیادہ اہمیت جدت اور آن لائن بزنس کو حاصل ہے جس کا حجم بڑھتا جا رہا ہے۔ میاں زاہد حسین نے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ریسرچ پروموشن کی جانب سے آن لائن منعقد ہونے والے ایک عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں نت نئے خیالات، تجربات، ایجادات اورجدت کی جتنی ضرورت ہے وہ پہلے کبھی نہ تھی۔وائرس کی وجہ سے بہت سے کاروبار دیوالیہ ہو چکے ہیں جبکہ بہت سے نئے آن لائن کاروبار وجود میں آ چکے ہیں اور تبدیلی کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔اٹھارویں صدی میں لوگوں نے بڑے پیمانے پر گھروں کے بجائے کارخانوں میں کام کا آغاز کیا اور اب دوبارہ گھروں سے کام کا رجحان مقبول ہو رہا ہے۔اگلے 30 سال میں عالمی معیشت کا حجم دگنا ہو جائے گا، خود کار مشینیں7کروڑ سے زیادہ نوکریاں کھا جائیں گی۔
مگر ساتھ ہی13 کروڑ نئی نوکریاں بھی پیدا ہوں گی۔آنے والے وقت میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی اہمیت و افادیت میں زبردست اضافہ ہو گا، بہت سے نیم ہنر مند بے روزگار ہو جائیں گے مگر اس ٹیکنالوجی کی مدد سے غربت ،بیماری، بھوک اور جہالت کے خلاف جنگ میں بڑی مدد ملے گی۔تخلیقی صلاحیت کی اہمیت بڑھ رہی ہے اور اب پاکستان میں وہی کاروبار تیزی سے پھل پھول سکیں گے جو مارکیٹ میں اپنی اشیاء آن لائن متعارف کروا سکیں۔میاں زاہد حسین نے کہا کہ ہمارے ملک اور نجی شعبے کی معاشی بقاء اسی میں ہے کہ تخلیقی اور ڈیجیٹل صلاحیت رکھنے والوں کی بھرپور سرپرستی کی جائے اور نئے حالات کے مطابق ایڈجسٹ ہوا جائے۔حکومت اور یونیورسٹیوں کو چاہئے کہ نصاب میں فوری تبدیلی کرکے ہماری نئی نسل کو تخلیقی صلاحیتوںسے مالا مال کرے، اسکولوں میں تربیت کا بہتر انتظام کیا جائے اور اساتذہ و والدین کو بتایا جائے کہ بلاوجہ کی ڈانٹ ڈپٹ، بے جا پابندیوں اور نکتہ چینی سے جستجو اورتخلیقی صلاحیت کو پابند کر کے وہ غلطی کر رہے ہیں۔