قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کا آغاز 30 ستمبر کو ہوگا،ملتان میزبانی کیلئے تیار

247

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جنوبی پنجاب کے شائقین کرکٹ کے لئے اس سے اچھی خبر اورکیا ہوگی کہ ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ایک مرتبہ پھر کرکٹ میلہ جو قومی ٹی ٹوئنٹی کپ کی شکل میں 30 ستمبر سے سجنے جارہا ہے کی میزبانی کے لیے تیار ہے۔ 6 اکتوبر تک سجنے والے کرکٹ میلے میں 14 میچز کھیلے جائیں گے اور تمام میچز براہ راست ٹی وی پر براہ راست دکھائے جائیں گے۔یاد رہے کہ کورونا وائرس ایس او پیز کی وجہ سے تماشائیوں کو کرکٹ اسٹیڈیم آنے کی دعوت نہیں دی جائے گی۔ ٹورنامنٹ میں ملک کی فرسٹ کلاس کرکٹ ٹیمیں حصہ لیں گی جب کہ کرکٹ کے قومی ہیروز بھی ایکشن میں نظر آئیں گے،کرکٹ کپ میں نادرن،خیبرپختونخواہ، سندھ اور بلوچستان،سنٹرل پنجاب اور سائوتھ پنجاب کی کرکٹ ٹیمیں بھی حصہ لیں گی۔اس سلسلے میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل قمرالزمان قیصرانی کی زیر صدارت نیشنل ٹی20 کپ کے انتظامات کا جائزہ اجلاس ملتان میںمنعقد ہوا جس میں اسسٹنٹ کمشنرز عابدہ فرید، آبگینے خان،پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام، ڈسٹرکٹ اسپورٹس آفیسر،ویسٹ منیجمنٹ کمپنی کارپوریشن (واسا) اور ٹریفک پولیس کے افسران نے شرکت کی جب کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل نے انتظامات کے لئے تمام محکموں کو ذمہ داریاں بھی سونپ دیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے جائیں گے،ٹریفک پولیس وی آئی پیز اور آفیشلز کیلئے پارکنگ کے انتظامات کریگی،کرکٹ میچز کے دوران سول ڈیفنس فورس پولیس کی معاونت کرے گی۔،محکمہ صحت اور ریسکیو 1122 اسٹیڈیم میں کیمپ لگائیں گے،میپکو اسٹیڈیم میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ میٹروپولیٹن کارپوریشن اسٹیڈیم جانے والے تمام روٹس پر ا سٹریٹ لائٹس بحال کرے گی جب کہ کرکٹ اسٹیڈیم کے تمام انکلوژر میں ڈینگی اسپرے بھی کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ناردرن کی ٹیم دفاعی چیمپئن ہے جو خیبرپختونخوا کے خلاف میچ سے اپنی کمپیئن کا آغاز کرے گی۔