یہودی آباد کار لاک ڈاؤن کے باوجود مسجد اقصیٰ میں داخل

798

یروشلم: اسرائیلی حکومت کی جانب سےلگائے گئے لاک ڈاؤن کے باوجود انتہاء پسند یہودی آباد کار گزشتہ روز مسجد الاقصیٰ میں داخل ہوگئے۔

حال ہی میں اسرائیلی حکومت نے کورونا وائرس کے باعث بڑھتے کیسز کے باعث لاک ڈاؤن کا اعلان کیا اور مسجد اقصیٰ کو مسلمانوں سمیت تمام افراد کیلیے عبادت کیلیے بند کردیا تاہم گزشتہ روز انتہاء پسند یہودی آبادکار پابندیاں توڑتے ہوئے مسجد الاقصیٰ میں داخل ہوگئے اور عبادت کی۔

انتہا پسند یہودی آباد کار اپنے نئے سال کےآغاز پر’مسجد الاقصیٰ’ کے احاطے میں داخل ہوئے، جہاں ‘گنبدِ صخرہ’ سمیت 6 دیگر مساجد بھی واقع ہیں۔

فلسطین لبریشن آرگنائزیشن (پی ایل او) سے وابستہ فلسطین نیوز نے بتایا کہ انتہاء پسند یہودی آبادکار اسرائیلی پولیس کی بھاری مسلح نفری کے ہمراہ مسجد پہنچے اور اسی کے حصار میں انھوں نے “مذہبی رسومات” ادا کیں۔

دوسری جانب اسرائیلی حکومت نے یہودی آباد کاروں کی اس اشتعال انگیز حرکت سےقبل جمعہ کو کورونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے بعد مقبوضہ بیت المقدس میں لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا۔

یاد رہے کہ الاقصیٰ کے امور کے ذمےدار فلسطینی حکام نے بھی  اسی روز اس کے احاطے کو 3 روز کے لیے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ مسلمان مسجدالاقصیٰ کو (القدس) بھی کہتے ہیں جبکہ یہودیوں کے نزدیک یہ ٹیمپل ماؤنٹ ہے،ان کا دعویٰ ہے کہ قدیم زمانے میں یہاں یہودی معبد تعمیر کیا گیا تھا لیکن وہ 2 مرتبہ منہدم ہوا اور اسی جگہ پر بعد میں مسجد الاقصیٰ کو تعمیر کی گئی۔