چین کےصدر شی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے منتظر ہیں، وزیر اعظم

495

اسلام آباد : وزیر اعظم  پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ معاشی ترقی اور غربت کے خاتمے کے لیے چین کے تجربات سے استفادہ کیا جاسکتاہے، پاکستان کے عوام چین کے صدر شی جی جن پنگ کے دورہ پاکستان کے منتظرہیں۔

عمران خان نے چین کے سفیر یاؤجنگ سے الوداعی ملاقات کی، وزیر اعظم نے یاؤجنگ کی طر ف سے دوطرفہ تعلقات مزید مستحکم کرنے کی کاوشوں کی تعریف کی۔

عمران خان نے کہاکہ چینی قیادت نے اپنے عوام کی معاشی خوشحالی کے لیے مثالی کردار ادا کیا،چینی سفیر کے دور میں سی پیک دوسرے مرحلے میں داخل ہوا ۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سی پیک کے دوسرے مرحلے میں زراعت ،صنعت اور سماجی واقتصادی ترقی پر توجہ مرکوز ہے، سی پیک علاقائی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

چینی سفیر  نے دوطرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے وزیر اعظم کے قائدانہ کردار پر اظہار تشکر  کرتے ہوئے کہا کہ چینی قیادت کی طرف سے عمران خان کے کردار کو اعلیٰ سطح پر سراہا گیا ہے،وزیر اعظم کے ویژن اور قیادت کا پاکستان کی تبدیلی میں اہم کردار ہے۔

چینی سفیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات کو مزید مستحکم دیکھنے کا خواہش مند ہوں،چین قومی ترقی اور مقاصد کے حصول میں پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔