نیپرا سماعت کا ماحول خراب کرکے  کے الیکٹرک کو تحفظ فراہم کیا گیا،حافظ نعیم

555

کراچی: امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ نیپرا کی سماعت کا ماحول ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت خراب کیا گیا اورکے الیکٹرک کو تحفظ فراہم کیا گیا۔

مقامی ہوٹل میں نیپرا سماعت میں عوام کا مقدمہ لڑتے ہوئے  حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ کے الیکٹرک کا لائسنس فوراً منسوخ کر کے قومی تحویل میں لیا جائے اور اس کا فارنزک آڈٹ کیا جائے۔

امیرکراچی کا کہنا تھا کہ  کے الیکٹرک کی انتظامیہ اور سیاسی جماعتوں کے ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے،کے الیکٹرک کی 15سالہ خراب کارکردگی کے بعد مزید کام کرنے کا موقع نہ دیا جائے، ہیٹ ویوز میں عوام مرتے رہے اورکے الیکٹرک نے دانستہ پاورپلانٹ بند کیے رکھے۔

حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ  کے الیکٹرک کا ہمیشہ سے وتیرہ رہا ہے کہ سیاسی پارٹیوں کے افراد کو خرید کر نیپرا کی سماعت کا ماحول خراب کردیاجاتاہے،سپریم کورٹ سے اپیل کرتے ہیں کہ کے الیکٹرک کے خلاف دائرپٹیشن کی سماعت کی جائے اور کراچی کے عوام کو کے الیکٹرک کے ظلم وزیادتیوں اور لوٹ مار سے نجات دلائی جائے،کراچی کے حقوق کے دعوے داروں ہی نے دو مرتبہ کے الیکٹرک کو فروخت کیا تھا،آج کس حیثیت سے کراچی کی بات کررہے ہیں؟

امیر کراچی کا مزید کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے شہر کے بنیادی مسائل کے حل کے لیے 27ستمبر کوشاہراہ قائدین پر ”حقوق کراچی مارچ“کا انعقاد کیا ہے،ہم ”حقوق کراچی مارچ“میں کراچی کی مردم شماری، کوٹہ سسٹم،بااختیار شہری حکومت سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کے لیے تحریک کا آغاز کریں گے،پرنٹ و الیکٹرانک میڈ یا سے وابستہ افراد بھی جماعت اسلامی کی حقوق کراچی تحریک کا ساتھ دیں۔