جھڈو، ارباب گروپ کا پولیس کی زیادتیوں کیخلاف احتجاج و ھرنا

164

جھڈو (نمائندہ جسارت) ارباب گروپ نے جھڈو پولیس کی زیادتیوں کیخلاف احتجاج کرتے ہوئے مین شاہراہ پر دھرنا دیا، ارباب عنایت اللہ نے پریس کانفرنس میں پولیس زیادتیوں کی مذمت اور گرفتار ملزمان کو رہا کرنے کا مطالبہ کیا ہے، گرفتار ملزمان مقدمے میں نامزد ہیں، جھڈو پولیس۔ جھڈو پولیس کی زیادتیوں کیخلاف جی ڈی اے کی اہم جماعت ارباب گروپ کے حامیوں نے جھڈو میرپور خاص مین شاہراہ پر احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دیا اور پولیس کیخلاف شدید نعرے بازی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس نے گوٹھ کرم علی لغاری سے سابق ڈسٹرکٹ کونسلر معشوق لغاری کے دو ہاریوں کو بغیر کسی مقدمے کے غیر قانونی طور پر گرفتار کرکے لاک اپ کردیا ہے، بلا جواز گرفتار افراد کو پولیس رہا کرنے کے لیے تیار نہیں ہے اور دونوں ہاریوں پر جھوٹے مقدمے کے اندراج کے لیے تیاریاں کی جارہی ہیں۔ گرفتار افراد کی رہائی تک احتجاج جاری رہے گا۔ احتجاج سے دو طرفہ ٹریفک معطل ہوگیا اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ دوسری جانب ارباب رحیم کے صاحبزادے ارباب عنایت اللہ نے جھڈو میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جھڈو پولیس پر بے گناہ افراد کو گرفتار کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے بے گناہ افراد کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ کیا۔ جھڈو پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں گرفتار ملزمان سیلابی پانی کا بند توڑنے اور 10 ایکڑ مرچ کی فصل کو ڈبونے کے مقدمے میں نامزد ہیں۔