حیدر آباد: 350 خاکروبوں کی کمی ، شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل

203

 

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) نیو وحدت کالونی سمیت دیگر سرکاری کالونیوں میں ڈرینج نظام کی صفائی، خاکروب کی 350 اسامیاں، بلڈنگز محکمے کی طرف سے بھرتیاں نہ کرنے کی وجہ سے گندگی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ ایس ڈی او بلڈنگز حیدر آباد کو نیو وحدت کالونی میں گندگی سے بھرے گٹروں کی صفائی کے لیے پندرہ روز سے مسلسل کہہ رہے ہیں پر کوئی توجہ نہیں۔ محکمہ بلڈنگز کے افسران سندھ حکومت کی جانب سے سال 2019ء سے فنڈز نہ ملنے کا شکوہ کررہے ہیں۔ نیووحدت کالونی کے کوارٹروں کی حالت بھی زبوں حالی کا شکار ہے، دیواروں میں دراڑیں پڑ چکی ہیں۔ فرش پھٹ چکے ہیں اور ڈرینج پریشر لائن مکمل طور پر تباہ ہوچکی ہے، جس سے گٹر کا پانی جمع رہتا اور کوارٹروں میں ہر وقت گندگی رہتی ہے۔ اس وقت سرکاری کالونیاں عدم توجہ کی وجہ سے لاوارث بنی ہوئی ہیں مکین عذاب والی صوتحال کو برداشت کررہے ہیں۔ سندھ حکومت اگر کوارٹروں کی دیکھ بھال کے لیے فنڈز جاری نہیں کرسکتی تو فوری طور پر ان سرکاری کوارٹروں میں رہنے والے سرکاری ملازمین کو مالکانہ حقوق دے تاکہ مکین خود کوارٹروں پر خرچہ کریں اور حالت کو بہتر کر پائیں۔ یہ بات نیو وحدت کالونی ایکشن کمیٹی حیدر آباد کے چیئرمین شاہد سومرو نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ بلڈنگز کے پاس صفائی کرنے کے لیے اور صفائی کا سامان خریدنے کے لیے بھی فنڈز نہیں۔