کراچی کے عوام کو اپنے حق کیلیے 27 ستمبر کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا‘ اسامہ رضی

222

کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ بن رضی نے کہا ہے کہجماعت اسلامی کراچی کو میگا سٹی کا درجہ دلوائے گی‘ کراچی کے ساتھ غیروں کے ساتھ ساتھ اپنوں نے بھی بہت ظلم کیا ہے ‘ عوام بیداری کا عملی ثبوت فراہم کریں اور 27 ستمبر کو کراچی حقوق کے لیے عوام کو سڑکوں پر نکلنا ہوگا۔ یہ بات انہوں نے جماعت اسلامی لانڈھی شرقی کے تحت اجتماع کارکنان سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔ اس موقع پر امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان، ناب امیر ضلع مرزا فرحان بیگ، ناظم علاقہ لانڈھی شرقی مرزا نعمان بیگ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر اسامہ بن رضی نے کہا کہ شہر کراچی جو کہ پاکستان کا سب سے بڑا شہر اور منی پاکستان ہے لیکن یہاں عصبیت کے بتوں کو پروان چڑھایا گیا اور لاشوں کی سیاست کی گی‘ آج پی ٹی آئی کی 14 قومی اسمبلی کی نشستیں ہیں‘ صدر بھی ان کا، وزیراعظم، گورنر بھی ان کا ہے‘ لیکن ایک دھیلا بھی کراچی پر نہیں لگایا جا رہا ہے اور مفادات کی سیاست کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حقوق کراچی مارچ کے ذریعے کراچی کا مقدمہ لڑ رہی ہے اور ہم اب اس شہر پر مزید ظلم وستم نہیں برداشت کریں گے اور کوٹا سسٹم، بلدیاتی ایکٹ کے خلاف فیصلہ کن تحریک چلائے جائے گی۔ عبدالجمیل خان نے کہا کہ کراچی کے عوام کو میدان میں نکلنا ہوگا اور اپنے حقوق کے لیے حکمرانوں سے پنجہ آزمائی کرنا ہوگی۔ مرزا فرحان بیگ نے کہا کہ 27 ستمبر کو کراچی کا بچہ بچہ مارچ میں شریک ہوگا‘ سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرنے والا شہر آج گیس، بجلی اور پانی سے محروم ہے ‘ سیوریج سسٹم برباد ہوچکا ہے‘ سڑکیں اور پارک برباد ہوگئے‘ پورے شہر میں کچرے کا ڈھیر لگا ہواہے اور ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس شہر کا کوئی والی وارث ہی نہیں ہے ۔