پی پی اور متحدہ کراچی کی تباہی کے ذمے دار ہیں‘ منعم ظفر

201

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیر جماعت اسلامی ضلع وسطی کراچی منعم ظفرنے تیموریہ مسجد حیدری پر حقوق کراچی مارچ کے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی سڑکوں سے بہتر موئن جودڑوں کی گلیاں ہیں‘حکومتوں کی نااہلی و ناقص کارکردگی اور شہر کے گمبھیر مسائل پر مجرمانہ غفلت و لاپرواہی نے آج کراچی کو ملک کا سب سے زیادہ مسائل والا شہر بنا دیا ہے‘ پی پی پی اور ایم کیو ایم دونوں کراچی کی تباہی کے ذمے دار ہیں‘ پی ٹی آئی نے بھی 2 سال میں کراچی کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا۔ جماعت اسلامی کی ’’حقوق کراچی تحریک‘‘ حکمرانوں کو متوجہ کرنے اور عوام کے حقوق حاصل کرنے کی تحریک ہے‘ کراچی کے لوگ آگے بڑھ کے اپنے حق کے حصول کی کوششیں کریں‘ ہم کراچی کے رہنے والے ہیں ‘سب سے زیادہ ٹیکس دینے والا شہر سب سے زیادہ بربادی کا شکار ہے ‘ جماعت اسلامی کے میئر عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان نے اس شہر کی بے لوث خدمت کی ‘ مظاہرین سے ناظم علاقہ محمد نعمان ندیم سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔