اسلام کا عادلانہ نظام ہی بحران سے نجات کا ذریعہ ہے‘لیاقت بلوچ

165

لاہور (نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی و سیاسی قومی کمیٹی کے صدر لیاقت بلوچ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اسلام کا عادلانہ نظام ہی بحران سے نجات کا ذریعہ ہے‘ عمران خان سرکار نااہل اور ناکام ہے‘ ملکی تاریخ کی یہ پہلی حکومت ہے جو قومی مسائل کو تقریروں، پریس کانفرنسوں، جھوٹے اعلانات، وعدوں اور مخالفین کی پگڑی اچھالنے سے حل کرنا چاہتی ہے‘ حکومت کی2 سالہ کارکردگی نے عوام کو خطرناک حد تک مایوس کر دیا ہے ‘ اپوزیشن جماعتوں کو حکومت کی صفر کارکردگی کے خلاف سیاسی جمہوری جدوجہد کا حق ہے‘ عوام مہنگائی، غربت اور بے روز گار ی سے تنگ ہیں‘ زراعت اور صنعت سے وابستہ طبقہ پیداواری لاگت میں مسلسل اضافے سے بے کار ہوگیا ہے‘ اب حکومت کے چل چلائو کا وقت قریب آتا جا رہا ہے‘ نوبت یہاں تک پہنچ گئی ہے کہ اورنج لائن ٹرین کے اختتام کا اعلان بھی پنجاب حکومت کے بجائے سی پیک اتھارٹی کر رہی ہے‘ حکومت نے بڑی تاخیر کے باوجود عجلت میں بی آر ٹی پشاور کا افتتاح کیا کہ اورنج لائن ٹرین کے بعد یہ افتتاح کریں گے لیکن حکومت کو پشاور میں شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاست اور جمہوریت کا ماضی گواہ ہے کہ اتحادوں کے فوائد کو ذاتی مفادات کی بھینٹ چڑھا دیا گیا اور عوام کے اجتماعی انقلابی جذبوں کو مفادات کے گھاٹ پر قربان کردیا گیا‘سیاسی، جمہوری اور قومی محاذ پر اختلافات فطری امر ہے لیکن بات چیت کا دروازہ کھلا رکھتے ہیں‘ جماعت اسلامی اپنی بنیاد پر اپوزیشن میں رہتے فعال کردار ادا کرے گی‘ پاکستان کو اسلامی بنانا اور عوام کو خوشحال نظام دینا ہی ہماری ترجیح ہے‘ ان مسائل میں حائل رکاوٹوں کو عوام کی طاقت سے دور کریں گے‘ جماعت اسلامی کے کارکنان نے ہمیشہ امانت و دیانت، خدمت اور مسلسل محنت و قربانیوں کے ذریعے قومی سیاست میں اپنا مقام خود پید ا کیا ہے‘ اسلام کا عادلانہ نظام ہی بحران سے نجات کا ذریعہ ہے ۔