پانی کی عدم فراہمی، ٹھل کے نوجوانوں کا لانگ مارچ کراچی پہنچ گیا

127

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ٹھل کے نوجوانوں کا لانگ مارچ پریس کلب ٹھل سے اتوار کو کراچی پریس کلب پہنچا جس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی سندھ کے رہنما عبدالحفیظ بجارانی نے کہا کہ پانی انسانی زندگی کے لیے لازمی ہے مگر ٹھل کے70 ہزار شہری اس جدید دور میں بھی صاف پانی کی ایک ایک بوند کے لیے تڑپ رہے ہیں‘ ٹھل کے ایم پی اے نے پانی اسکیم کے لیے 58 کروڑ روپے منظور کرائے لیکن اتنی خطیر رقم ایم پی اے اور مقامی ٹھیکداروں نے خرد برد کرلی ہے اور اسکیم پر عملًا10 فیصد بھی کام نہیں ہوسکا جس کی ہم پر زور مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پانی تو امام حسین ؓ کا یزید نے بند کیا تھا‘ آج اسی روایت کو زندہ کرتے ہوئے ٹھل کے ایم پی اے نے یزیدی روایت پر عمل کرکے اس کی سنت پر عمل کیا ہے‘ ہم نیب، ایف آئی اے اور دیگر وفاقی اداروں کو متوجہ کرتے ہیں کہ ٹھل پانی اسکیم میں کروڑوں روپے کی خرد برد کی تفتیش کی جائے اور جو لوگ ملوث ہوں انہیں کیفر کردار تک پہنچاکر عبرت ناک سزا دی جائے۔ انہوں نے نوجوانوں کے اس جذبے کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میں سلام پیش کرتا ہوں ان نوجوانوں کو جو ٹھل ضلع جیکب آباد سے ہوتے ہوئے کراچی پہنچے اور اپنے جائز حق کے لیے سراپا احتجاج ہیں‘ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ سندھ حکومت فوری طور پر ٹھل پانی اسکیم میں کی گئی غبن کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیٹی قائم کر ے جو اس ڈاکا زنی کی تحقیق کرے اور ملوث ملزمان کو سزا دے۔