این ایل ایف کے رہنمائوں کا محنت کشوں سے اظہار تشکر

112

کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی زون کے صدر خالد خان، جنرل سیکرٹری قاسم جمال، سینئر نائب صدر صغیر احمد انصاری، نائب صدور محمد سلیم ، محمد خالق، مناظرالحسن، امیرروان و دیگر نے نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے سائٹ ایریا کے جلسے میں کراچی کے محنت کشوں کی جانب سے بھرپور شرکت پر ان سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ محنت کش اگر متحد ہوجائیں تو پھر کسی کو ان کے ساتھ ظلم کرنے کی ہمت اور جرات نہیں ہوسکے گی۔ ان ایل ایف محنت کشوں کی پاسبان ہے اور ہم انہیں ہر طرح کی قانونی اور اخلاقی مدد فراہم کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کورنگی لانڈھی صنعتی ایریا میں ہوزری گارمنٹس کے کاریگروں کو جلسے میں شرکت کرنے پر نوکریوں سے بے طرف کیے جانے پر سخت احتجاج کرتے ہوئے محکمہ محنت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مزدور دشمن عناصر کو لگام دیں ورنہ این ایل ایف اب ان فیکٹریوں کے گیٹ پر مظاہروں پر مجبور ہوجائے گی۔ انہوں نے آج شام 6بجے این ایل ایف کے ذمے داران کا ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے جس میں اس صورتحال پر غور اور آئندہ کا لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔انہوں نے ڈینم کلاتھنگ کمپنی کے محنت کشوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر بھی سخت احتجاج کیا اور کہا کہ ڈینم کے مالکان اور انتظامیہ پولیس کے ذریعے محنت کشوں کو ہراساں کر رہے ہیںاور انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں، ان کے واجبات ودیگر مراعات ادا نہیں کی جارہی ہیں۔این ایل ایف ڈینم کمپنی کے مالکان کی اس مزدور دشمنی کے خلاف سخت احتجاج کرے گی اور انہیں محنت کشوں کی جانب سے قانونی نوٹس دیے جائیں گے اور محکمہ محنت ودیگر اداروں کو صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔