متحدہ کا سندھ حکومت کیخلاف 24ستمبر کومارچ کا اعلان

107

کراچی(اسٹاف ر پورٹر )متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول نے ایم کیو ایم پاکستان کے مرکز بہادر آباد پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 24ستمبر کو کراچی مارچ شہری سندھ کے حقوق کیلیے نکالا جا رہا ہے ،50سال سے صوبے میں نافذ کوٹہ سسٹم جس کے تحت شہری سندھ کو 40 میں سے 4فیصدحصہ بھی نہ مل سکا،شہری سندھ کے کوٹے کی ملازمتیں 90فیصد جعلی ڈومیسائل پر دیدی گئیں۔دنیا کا بڑا میٹرو پولیٹن سٹی دیہات بن چکا ہے ،نسل پرستی اور تعصب کی انتہا یہ ہے کہ کراچی،حیدر آباد،میر پور خاص اور نواب شاہ سمیت پورے سندھ میں اس متعصب حکومت کو ایک اردو بولنے والا ایڈمنسٹریٹر نہیں مل سکا ۔ خالد مقبول صدیقی نے مزید کہا کہ کراچی سمیت سندھ کے شہری علاقوں کے حقوق کے خاطر نکالے جانے والی دیگرمارچوں کی بھی ہم بھر پور ہمایت کرتے ہیں ، 50سال سے ہمیں غلام بنانے پر مجبور کیا جا رہا ہے اس شہر کا مینڈیٹ جیسا بھی ہے اسکا بڑا حصہ پی ٹی آئی کے پاس ہے اور11سو ارب روپے بھی وفاق نے دینے کا وعدہ کیا ہے جو خیرات سمجھ کر نہیں دیا بلکہ ہمارے حق میں سے تھوڑا سا حصہ ہے۔اس موقع پر سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان،ڈپٹی کنوینر کنور نوید جمیل،وسیم اختر، رکن رابطہ کمیٹی و وفاقی وزیر سید امین الحق محمد شاہد و دیگر بھی موجود تھے۔