پی ٹی آئی حکومت کی 2سالہ کارکردگی مایوس کن ہے‘ممتاز سہتو

322

کراچی(اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر اور میڈیا کمیٹی کے کنوینر ایڈووکیٹ ممتاز حسین سہتو نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کی 2سالہ کارکردگی مایوس کن اور ووٹ کو عزت دو کے دعویدار خود ذاتی مفادات کی خاطر حکومت کو کندھا دے کر ووٹ کی پامالی میں مصروف عمل ہیں۔ مہنگائی، بجلی بحران کے خاتمے سے لے کر روزگار کی فراہمی تک حکومت نے جتنے بھی وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں کیے ، مہنگائی نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بناکر رکھ دی ہے، جماعت اسلامی کرپشن فری پاکستان سمیت حقیقی اپوزیشن کا کردار ادا کرتے ہوئے عوامی مسائل پر اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی دفتر میں مختلف شعبہ جات کے ذمے داران کے اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔شعبہ جات کا اجلاس صوبائی قیم کاشف شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا، جس میں ناظمین شعبہ جات نے ششماہی رپورٹ پیش کی اور آئندہ کی منصوبہ بندی رکھی۔ ممتاز سہتو نے مزید کہا کہ شعبہ جات کا اجلاس دراصل یادہانی وتذکیر کا عمل ہوتا ہے، جماعت اسلامی ملک کی واحد جماعت ہے جس میں کارکردگی کا جائزہ واحتساب کا عمل ہوتا ہے، صوبائی جنرل سیکرٹری کاشف شیخ نے کہا کہ کارکردگی، تنقید وجائزے سے ہی اصلاح اور آگے بڑھنے کی جستجو ممکن ہوتی ہے۔ انہوں نے تمام شعبہ جات کے ناظمین کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے شعبہ میں بہتر اور جماعت کی دعوت وپیغام کو مؤثر انداز میں آگے بڑھانے کے لیے موثر منصوبہ بندی اور بھرپورکردار ادا کریں۔