مخصوص گروہ ملک میں شرانگیزی پھیلانا چاہتا ہے‘ علما ئے کرام

198

کراچی(اسٹاف ر پورٹر) اہلحدیث اتحاد کونسل کے تحت حرمت صحابہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علما و مذہبی جماعتوں کے سربراہان نے کہا ہے کہ مخصوص گروہ ملک میں شرانگیزی پھیلانا چاہتا ہے‘ بیرونی طاقتوں کے ہمنوا امن و امان کی صورت حال خراب کرنا چاہتے ہیں، قوم کوصحابہ کرام کی شان میں گستاخیاں کسی صورت برداشت نہیں، حکومت صحابہ کرام کی ذات پر تبرہ کرنے والوں کو لگام ڈالے، حکومت اور اپوزیشن حرمت صحابہ بل کو فوری طور پر پاس کرا کر عملدرآمد کرائیں، گستاخ صحابہ کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے، اگر صحابہ کرام کی شان میں گستاخیوں کا سلسلہ نہ رکا تو عوام سڑکوں پر نکلنے پر مجبور ہوںگے اور احتجاج کا سلسلہ بھی ختم نہیں کیا جائے گا، اہل کراچی صحابہ کرام و اہل بیت کی حرمت و ناموس کے لیے متحد و بیدار ہیں، قانون ساز اور سیکورٹی ادارے فرقہ واریت کے خاتمے کے لیے موثر کردار ادا کریں۔ اہلحدیث اتحاد کونسل کے صدر جمیل اظہر وتھراو ودیگر علما نے شاہراہ قائدین پر حرمت صحابہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ وطن عزیز انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے۔ جس میں مخصوص گروہ شرانگیزی پھیلانے کی خاطر صحابہ کرام کی شان میں گستاخی کرکے امن وامان کی صورت حال خراب کرنا چاہتا ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ایسے عناصر کو فوری لگام ڈالا جائے۔ اصحاب کرام ستاروں کی مانند ہیں اور ان کی ذات پر تبرہ بازی کرنے والے کبھی دنیا و آخرت میں فلاح نہیں پا سکیں گے۔