پاکستان ریلوے میں ڈیمانڈ منظور کی جائیں‘خالد محمود

223

ریلوے پریم یونین کے راہنما خالد محمود چوہدری نے کہاہے کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں مزدوروں کازندہ رہنامعجزہ ہے ، مزدور طبقہ معاشی مشکلات کا شکار ہے۔لوگوں کے چہروں پر مایوسی اور اضطراب ہے ۔مہنگائی اوربے روز گاری نے عوام سے دن کا سکون اور راتوں کی نیند چھین لی ہے ، مزدورںکو دووقت کی روٹی سے بھی محروم کیا جارہا ہے،ریلوے پریم یونین نے ریلوے ملازمین کے مطالبات پر مشتمل چارٹرڈ آف ڈیمانڈ کی منظوری کے لئے ملک گیر تحریک کا آغازکردیاہے،توقع ہے کہ حکومت پریم یونین کے چارٹر آف ڈیمانڈ کو تسلیم کرلے گی لیکن اگر حکومت نے ملازمین کی آواز پر کان نہ دھرے تو ملک بھر میں ہونے والا احتجاج حکمرانوں کا بوریا بستر گول کر دے گا۔خالد محمود چوہدری نے کہا کہ پریم یونین اپنے قائد پریم حافظ سلمان بٹ کی قیادت میں ریلوے ملازمین کے تحفظ کے لیئے بھر پو ر جدوجہد کر رہی ہے اور کسی کو بھی ریلوے ملازمین سے زیادتی نہیں کرنے دے دیں گے ۔ ریل کا پہیہ اس کے مزدور کی وجہ سے چل رہا ہے اگر مزدوروں کو ان کا جائز حق نہ دیا گیا تو ریل بھی چل نہیں سکے گی۔ ریلوے مزدور پریشان ہو گا تو حکمرانوں کو بھی چین سے سونے نہیں دیں گے۔ ملازمین میں پائی
جانے والی تشویس کو دور نہ کیا گیا تو حالات خراب ہوسکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ایک طرف ارکان اسمبلی کو نوازنے کے لئے کروڑ وں روپے کے ترقیاتی فنڈز کا اجراء کیا جا رہا ہے دوسری طرف غریب ریلوے ملازمین سے ان کی بنیادی سہولیات بھی چھینی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کے لاکھوں ملازمین کو ذہنی اذیت سے دو چار کیا جا رہا ہے ۔وہ ملازمین جنہوں نے اپنی زندگیاں ریلوے کی ترقی اور بہبو د میں گزار دیں آج در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیںمگر کسی افسر کے کان پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ انہوں نے کہا کہ اب مزید ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا،حکمران ریلوے ملازمین کے صبر کا امتحان نہ لیں ۔