پی سی بی کا اجلاس،ڈومیسٹک کرکٹ سے متعلق اہم امور پر غور

243

لاہور(جسارت نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کی صدارت میں نتھیا گلی میں جاری پی سی بی کا 2روزہ اجلاس ختم ہوگیا۔پی سی بی ترجمان کے مطابق یہ ایک انٹرنل اجلاس تھا جس میں سب نے اپنی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور مستقبل کے لائحہ عمل پر اپنا نقطہ نظر بیان کیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں زمبابوے کے خلاف سیریز، ڈومیسٹک کرکٹ اور دوسرے اہم امور پر غور کرنے کے ساتھ بعض اہم سفارشات پر اتفاق کرنے کے بعد گورننگ بورڈ کے شرکا کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا جب کہ کوڈ آف ایتھکس کو لاگو کرنے پر بھی زور دیا گیا۔احسان مانی کی صدارت میں ہونے والے اجلاس میں بورڈ کے تمام شعبوں کے ہیڈز نے شرکت کی، شرکا نے 2سالہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے ساتھ مستقبل کی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی۔اطلاعات کے مطابق احسان مانی نیشنل اسٹینڈنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے جو 23ستمبر کو اسلام آباد میں ہی طلب کیا گیا ہے، ان کے ساتھ چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان بھی اس اجلاس میں شریک ہوں گے۔