کوویڈ 19پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر ہیڈکوچ ٹیم سے دور

187

لاہور(جسارت نیوز)کوویڈ 19پروٹوکولز کی خلاف ورزی کے باعث بلوچستان کے کوچز پہلی آزمائش میں ناکام ہو گئے ،ہیڈ کوچ فیصل اقبال اور انکے نائب وسیم حیدر کی 5 روزہ قرنطینہ میں مزید دو مرتبہ کورونا ٹیسٹنگ ہو گی،منفی رپورٹس پرہی بائیو سیکیور ببل میں داخل ہوں گے ،پی سی بی میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ریاض احمد نے بریفنگ کے باوجود دونوں کوچز کی جانب سے قانون توڑنے کو افسوسناک قرار دیا ہے تاہم چھ کرکٹ ایسوسی ایشنز کے دیگر تمام فرسٹ الیون پلیئرز کلیئر ہو گئے ہیں جو آج سے نیٹ پریکٹس اور ٹریننگ کا آغاز کردیں گے ۔تفصیلات کے مطابق 18ستمبر کو دوسری کوویڈ 19 ٹیسٹنگ سے گزرنیوالے 6کرکٹ ایسوسی ایشنز کی فرسٹ الیون کے تمام کھلاڑی دو منفی رپورٹس کے باعث نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کیلئے ملتان میں قائم کردہ بائیو سکیور ببل میں داخلے کے اہل ہو گئے جہاں انہیں باہمی طور پر ملنے جلنے کی آزادی حاصل ہوگی۔ دونوں کوچز فیصل اقبال اور وسیم حیدر کو کورونا وائرس پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر5روزہ سیلف آئسولیشن کیلئے کنٹری کلب مریدکے میں روک لیا گیا جہاں انکے دو مزید ٹیسٹ ہوں گے اور دونوں مرتبہ منفی نتیجے کے بعد ہی انہیں بائیو سکیور ببل میں داخلے کی اجازت مل سکے گی جبکہ دونوں مرتبہ ٹیسٹنگ کے اخراجات بھی وہ خود ہی برداشت کریں گے ۔پی سی بی کوویڈ 19میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر ریاض احمد کا کہنا تھا کہ تمام اسکواڈز کو پروٹوکولز سے متعلق تفصیلی بریفنگ کے باوجود فیصل اقبال اور وسیم حیدر کا قوانین کی خلاف ورزی کرنا افسوسناک ہے تاہم پی سی بی نے نئے ڈومیسٹک سیزن کیلیے پروٹوکولز پر سختی سے عمل کا عزم کر رکھا ہے لہذا کوئی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی اور دونوں کوچز کیخلاف کارروائی بائیو سکیور ببل میں رہنے والے افراد کیلیے واضح پیغام ہے کہ کوویڈ 19پروٹوکولز پر عدم برداشت پالیسی کا اطلاق جاری رہے گا کیونکہ کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف سمیت تمام سٹیک ہولڈرز کی صحت اور حفاظت اولین ترجیح ہے ۔