بلدیہ عظمیٰ و سطی ، گریڈ 5 میں بھرتی ملازم کو گریڈ 16 کا افسر بنا دیا گیا

146

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)بلدیہ ضلع وسطی میں عدالتی احکامات کے ساتھ کھلواڑ،اپ گریڈیشن اور آؤٹ آف ٹرن پروموشن حاصل کر کے معمولی گریڈ میں بھرتی ملازمین افسر بن گئے،ڈائریکٹر ایجوکیشن کے عہدے پر تعینات محمد اسلم خان نے اپ گریڈیشن حاصل کرنے کے ریکارڈ قائم کرلیے،محکمہ انجینئرنگ میں 5گریڈ میں بھرتی داور عباس گریڈ 7 سے ڈائریکٹ گریڈ16 میں پہنچ گیا،اختر رضا،ندیم حیدر،عارفین،محمد شریف،غلام حسین عسکری سمیت درجنوں افسران آؤٹ آف ٹرن پروموشن اور اپ گریڈیشن حاصل کرکے اعلیٰ عہدوں کے مزے لوٹنے میں مصروف، ادارے کے سینئر افسران نے غیر قانونی اپ گریڈیشن اور غیر قانونی پروموشن لینے والے افسران کی فوری تنزلی کا مطالبہ کردیا،سیکرٹری بلدیات اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ سمیت ایڈ منسٹریٹر وڈپٹی کمشنر سینٹرل سے فوری نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔بلدیہ ضلع وسطی میں مبینہ سیاسی آشیرباد کے باعث معمولی گریڈز میں بھرتی ہونے والے ملازمین کے افسر بن جانے کا انکشاف ہوا ہے،ذرائع کا کہنا ہے کہ داور عباس نامی ملازم گریڈ5 میں محکمہ انجینئرنگ میں بھرتی ہوا جبکہ مذکورہ محکمے سے اپنا تبادلہ کراکر پہلے محکمہ تعلیم اور پھر اپنی تنخواہ محکمہ ایڈ من میں ایڈ جسٹ کرائی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ڈائریکٹر ایڈ منسٹریشن اور موجودہ ڈائریکٹر ایجوکیشن محمد اسلم خان نے اپنے چہیتے ملازم داور عباس کو 7 گریڈ سے ڈائریکٹ16 گریڈ میں ترقی دلوائی جبکہ بعدازاں گریڈ17 میں اپ گریڈ بھی کرادیا۔