ستائیس ستمبر کو کراچی کے عوام اپنے حقوق کیلیے میدان میں آئینگے، حافظ نعیم الرحمن

199

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ظالمانہ بلدیاتی ایکٹ کے خلاف بھرپور تحریک چلائیں گے۔کراچی کے عوام اپنا حق چھین کر لینا جانتے ہیں ۔11 سو ارب کا پیکیج آنکھوں میں دھول جھوکنے کے لیے ہے ۔27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر کراچی کے عوام اپنے حقوق کے لیے میدان میں آئینگے۔قیوم آباد کے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیںکسی کو بھی ان کے ساتھ ظلم وزیادتی نہیں کرنے دینگے۔ یہ بات جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے جماعت اسلامی علاقہ کورنگی غربی حلقہ قیوم آباد کے تحت مقامی ہال میں ’’حقوق قیوم آباد مہم‘‘کے سلسلے میں عظیم الشان کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان ، ڈپٹی سیکرٹری چوہدری سرفراز احمد، مسجد یوسف کے خطیب قاری منصور احمد، ناظم علاقہ کورنگی غربی منصور فیروز،ناظم حلقہ قیوم آباد زمرد اعوان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کراچی کے عوام کے حقوق کی محافظ ہے اور اب ہم اس شہر پر کسی کو ظلم نہیں کرنے دینگے۔ مسلم لیگ ،پیپلزپارٹی تحریک انصاف اور ایم کیو ایم سب نے اس شہر کے حقوق پر ڈاکا ڈالا ہے اور کراچی کے نوجوانوں کا استحصال کیا گیاجس کی وجہ سے نفرت پروان چڑھی ہے ،انہوں نے کہا کہ عبدالستار افغانی اور نعمت اللہ خان نے اس شہر کی جو خدمت کی ہے اس کو ہمارے ناقدین بھی تسلیم کرتے ہیں ۔کراچی کے عوام بلدیاتی انتخاب میں جماعت اسلامی کے نمائندوں کو کا میاب بنائیں تاکہ اس شہر کو دوبارہ روشنیوں اور ترقی خوشحالی کا شہر بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون میں جماعت اسلامی کے کارکنان نے بلاتفریق عوام کی خدمت کی ہے اور اس شہر میں آباد اقلیتی برادری کے تمام حقوق کے ہم محافظ ہیں ۔کراچی کے عوام کو اپنے حقوق کے حصول کے لے بیدار ہونا ہوگا۔ امیر ضلع کورنگی عبدالجمیل خان نے کہا کہ جماعت اسلامی اور قیوم آباد لازم و ملزوم ہیں۔ شہید محمداسلم مجاہد ،مختارگوہر،سیداصغرعلی شاہ نے قیوم آباد کے عوام کی ہمیشہ بلاتفریق خدمت کی اور لوگ آج بھی انہیں یاد کرتے ہیں۔ ہم عوام کی یہ خدمت اللہ کی رضا کے لیے کرتے ہیں۔ قیوم آباد میں زمرد اعوان ہمارے چیئرمین کے امیدوار ہونگے ۔ قیوم آباد کے عوام زمرد اعوان کو کامیاب بنائیں تاکہ قیوم آباد کے بنیادی مسائل حل ہوسکیں۔ چودھری سرفراز احمد نے کہا کہ جماعت اسلامی ہی قیوم آباد کے مسائل حل کر سکتی ہے۔ منصور فیروز نے کہا کہ حقوق کراچی مارچ عوام کی آواز ثابت ہوگا۔ قاری منصور نے کہا کہ دیانت دار قیادت کو منتخب کیا جائے۔ زمرداعوان نے کہا کہ ہم قیوم آباد کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔