اے پی سی: ہم حکومت کو نکال کر جمہوریت بحال کریں گے: آصف علی زرداری

547

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ یہ کوئی جمہوریت نہیں اس طرح ملک نہیں چلتے، ہم تحریک انصاف کی حکومت کو نکال کر جمہوریت بحال کریں گے۔

پیپلز پارٹی کی میزبانی میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) سے ابتدائی خطاب میں سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ اے پی سی کے شرکا کو خوش آمدید کہتا ہوں، میری نظر میں اے پی سی بہت پہلے ہونی چاہیے تھی۔

آصف زرداری نے کہا کہ اے پی سی سے متعلق حکومت جو ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے یہ ہی اے پی سی کی کامیابی ہے، لوگ ہمیں سن رہے ہیں چاہے کتنی ہی پابندیاں  لگائی جائیں، جب سے سیاست میں ہوں میڈیا پر اس طرح کی پابندیاں نہیں دیکھیں۔

سابق صدر نے کہا کہ مریم نواز قوم کی بیٹی ہے انہوں نے بہت تکلیفیں برداشت کی ہیں، بے نظیر بھٹو نے نواز شریف کے ساتھ میثاق جمہوریت پر دستخط کیے تھے، ہم آہنگی کے ذریعے مشرف کو گھر بھیجا اور 18ویں ترمیم بھی پاس کی۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ 18ویں ترمیم  آئین کے گرد دیوار ہے جس سے کوئی آئین کو میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، اٹھارہویں ترمیم کے ذریعے سب سے زیادہ حصہ پنجاب کو ملتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے پہلے دن کہا تھا کہ وزیراعظم سلیکٹڈ ہیں۔