شہر بھر میں ’’حقوق کراچی مارچ’’کی تیاریاں، کمیٹیاں تشکیل

329

کراچی(نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی کے تحت شہر کے گمبھیر مسائل کے حل اور کراچی کے آئینی قانونی اور جائز حق کے لیے جاری ’’حقوق کراچی تحریک ‘‘ کے سلسلے میں اتوار 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر ہونے والے عظیم الشان ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں ، مردو خواتین کارکنان شہر بھر میں بھر پور طریقے سے متحرک اور سر گرم عمل ہیں اور رابطہ عوام مہم کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ گھر گھر رابطے کیے جا رہے ہیں اور عوام کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے ۔ کراچی کے مسائل اور حقوق کے حوالے سے ہینڈ بلز بڑے پیمانے پر تقسیم کیے جا رہے ہیں ، مارچ میں مختلف شعبہ زندگی اور طبقات سے وابستہ افراد ، سول سوسائٹی، وکلا ، ڈاکٹرز ، انجینئرز ، اساتذہ و طلبہ ، علما کرام ، محنت کش و مزدور ، تاجر برادری ، نوجوان ، بچوں اور بزرگوں سمیت خواتین بھی بہت بڑی تعداد میں شریک ہوں گی ۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق مارچ سے
خصوصی خطاب کریں گے ۔ حلقہ خواتین کی ذمے داران اور خواتین کارکنان بھی جوش و خروش کے ساتھ تیاریوں میں شریک ہیں ۔ مارچ میں عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کے پیش نظر بڑے پیمانے پر انتظامات کیے جا رہے ہیں ۔ اس کے لیے تشکیل دی گئی متعدد کمیٹیاں مصروف عمل ہیں جبکہ این ایل ایف ، جمعیت اتحاد العلما ، تنظیم اساتذہ ، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن ، انجینئرز فورم ، اسلامک لائرز موومنٹ اور آل پاکستان اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز سمیت دیگر تنظیموں کے ذمے داران اور کارکنان بھی اپنے اپنے شعبے سے وابستہ افراد کو مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں ۔ علاوہ ازیں شہر بھر میں بڑے پیمانے پر پبلسٹی بھی شروع کر دی گئی ہے ۔ اہم شاہراہوں اور سڑکوں پر قائم آہنی پلوں پر ہورڈنگز بورڈز کے علاوہ بڑے بینرز اور پوسٹرز بھی آویزاں کر دیے گئے ہیں ، جن پر کراچی کے حقوق اور مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف مطالبات درج ہیںاور عوام کو 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر آنے کی دعوت دی گئی ہے ۔ جمعہ کے روز شہر بھر میں سیکڑوں مساجد کے باہر اور پبلک مقامات پر مظاہرے کیے جاچکے ہیں ۔ آئندہ جمعہ 25ستمبر کو بھی بڑے پیمانے پر مظاہرے کیے جائیں گے اور 25اور 26ستمبر کو شہر بھر میں اہم شاہراہوں ، چورنگیوں اور پبلک مقامات پر کیمپ لگائے جائیں گے ۔ جے آئی یوتھ کے تحت نوجوانوں کی ریلیاں بھی نکالی جائیں گی ۔ گلی ، محلوں ، معروف بازاروں اور شاہراہوں پر جلوس نکالے جائیں گے ۔ ’’حقوق کراچی مارچ‘‘ ایک تاریخ ساز مارچ اوراہل کراچی کے احساسات و جذبات کا بھر پور اظہار اور حقیقی ترجمان ثابت ہو گا ۔