کورونا پھر سر اُٹھانے لگا،مزید7افراد جاں بحق ،اموات 6415ہو گئیں

209

اسلام آباد(صباح نیوز)عالمی وبا کورونا وائرس سے ملک بھر میں مزید 7افراد جاں بحق ہو گئے ، اموات کی مجموعی تعداد6ہزار 415ہوگئی ۔گزشتہ 24گھنٹے میں 645نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مجموعی تعداد 3لاکھ 5ہزار 31ہوگئی ۔اس وقت ملک میں کوروناوائرس کے ایکٹو مریضوں کی تعداد 6572تک پہنچ گئی ۔ ملک میں اس وقت 562کوروناوائرس کے مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کی جانب سے ہفتہ کے روز جاری تازہ اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24گھنٹوں کے دوران کورونا کے 645نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 3لاکھ 5ہزار 31ہوگئی ۔پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے2لاکھ 92ہزار 44افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔ کوروناوائرس کے مریضوں ، صحتیاب ہونے والے مریضوں ، اموات اور ایکٹو کیسز کے اعتبار سے صوبہ سندھ ملک بھر میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ صوبہ پنجاب دوسرے نمبر پر ہے۔صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی کل تعداد ایک لاکھ 33ہزار 362 تک پہنچ گئی جن میں سے 128145 مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ صوبہ سندھ میں کوروناوائرس کے 2459مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ صوبہ میں ایکٹیوکورواناوائرس کیسز کی تعداد2758رہ گئی۔ صوبہ پنجاب میں اب تک کوروناوائرس کے کل 98ہزار 272 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 2ہزار 226مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ صوبہ میں اب تک 94,756مریض مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ صوبہ پنجاب میں ایکٹو کوروناوائرس کیسز کی تعداد 1,290رہ گئی۔ صوبہ خیبر پختونخوا میںاب تک کوروناوائرس کے کل 37 ہزار 270کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 35,469مریض مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں۔ خیبر پختونخوا میں کوروناوائرس کے 1,258مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ صوبہ میںایکٹو کوروناوائرس مریضوں کی تعداد 543رہ گئی ہے۔ صوبہ بلوچستان میں اب تک کوروناوائرس کے کل14 ہزار 138 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جن میں سے12,937مکمل طور پر صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ صوبہ میں کوروناوائرس کے باعث 145مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ صوبہ میں فعال کوروناوائرس مریضوں کی تعداد1,056ہو گئی۔