دنیا بھر میں کورونا کی دوسری لہر‘برطانیہ میں طلبہ کو قرنطینہ کردیا گیا

304

اسلام آباد/ مانچسٹر /مونٹریال / ڈھاکا/ واشنگٹن / نئی دہلی / برازیلیا / تہران(اے پی پی + صباح نیوز +آن لائن+ مانیٹر نگ ڈ یسک)دنیا کا کوئی خطہ کورونا وائرس کی موذی وباسے محفوظ نہیں، اس کے مریضوں اور اموات میں مسلسل اضافہ جاری ہے۔دنیا بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 3 کروڑ 7 لاکھ 23 ہزار 911 تک جا پہنچی ہے جبکہ اس موذی وائرس سے ہلاکتیں 9 لاکھ 57 ہزار 81 ہو گئیں۔کورونا وائرس کے دنیا بھر میں 74 لاکھ 9 ہزار 202 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیر علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 60 ہزار 449 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 کروڑ 23 لاکھ 57 ہزار 628 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا کورونا سے سب سے زیادہ متاثر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 3 ہزار 171 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 69 لاکھ 25 ہزار 941 ہو چکی ہے۔کورونا وائرس کے امریکا میں 25 لاکھ 30 ہزار 876 مریض اسپتالوں، قرنطینہ مراکز میں زیر علاج اور گھروں میں آئسولیشن میں ہیں، جن میں سے 14 ہزار 179 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 41 لاکھ 91 ہزار 894 کورونا مریض اب تک شفایاب ہو چکے ہیں۔1 ارب سے زائد آبادی والا ملک بھارت کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں تیزی سے اضافے کے ساتھ اس فہرست میں دوسرے نمبر پر آگیا ہے، جہاں کورونا سے 85 ہزار 894 ہلاکتیں ہو چکی ہیں جبکہ اس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 53 لاکھ 8 ہزار 14 ہو گئی۔کورونا مریضوں کی تعداد کے حوالے سے ممالک کی فہرست میں برازیل تیسرے نمبر پر چلا گیا ہے جہاں یہ وائرس 1 لاکھ 35 ہزار 857 زندگیاں نگِل چکا ہے جبکہ کورونا مریضوں کی تعداد 44 لاکھ 97 ہزار 434 تک جا پہنچی ہے۔کورونا وائرس سے روس میں کل اموات 19 ہزار 339 ہو گئیں جبکہ اس کے مریضوں کی تعداد 10 لاکھ 97 ہزار 251 ہو چکی ہے۔پاکستان کورونا ممالک کی فہرست میں 18 ویں نمبر پر آگیا۔پیرو میں کورونا کے باعث 31 ہزار 283 ہلاکتیں اب تک ہو چکی ہیں جبکہ یہاں کورونا کیسز 7 لاکھ 56 ہزار 412 رپورٹ ہوئے ہیں۔کولمبیا میں کورونا سے اموات کی تعداد 23 ہزار 850 ہوگئی جبکہ کورونا کے کیسز کی تعداد 7 لاکھ 50 ہزار 471 ہو چکی ہے۔میکسیکو میں کورونا وائرس سے کْل اموات کی تعداد 72 ہزار 803 ہو گئی جبکہ کورونا کے کیسز 6 لاکھ 88 ہزار 954 ہو گئے۔اسپین میں کورونا وائرس کی وباسے اموات 30 ہزار 495 ہو گئیں جبکہ اب تک اس کے 6 لاکھ 59 ہزار 334 مصدقہ متاثرین سامنے آئے ہیں۔سائوتھ افریقا میں کورونا وائرس کی وباسے مجموعی اموات 15 ہزار 857 ہو چکی ہیں، جہاں اس وائرس کے اب تک کل کیسز 6 لاکھ 57 ہزار 627 رپورٹ ہوئے ہیں۔ارجنٹینا میں کورونا وائرس 12 ہزار 656 زندگیاں نگل چکا ہے جبکہ اب تک اس کے6 لاکھ 13 ہزار 658 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔چلی میں کورونا وائرس سے جاں بحق ہونے والوں کی تعداد 12 ہزار 199 ہو گئی جبکہ کورونا کے کْل کیسز 4 لاکھ 42 ہزار 827 ہو گئے۔فرانس میں کورونا وائرس 31 ہزار 249 زندگیوں کے چراغ گل کر چکا ہے جبکہ یہاں 4 لاکھ 28 ہزار 696 کورونا کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ایران میں کورونا وائرس سے مرنے والوں کی کل تعداد 24 ہزار 118 ہوگئی جبکہ کورونا کے کل کیسز 4 لاکھ 19 ہزار 43 ہو گئے۔بنگلا دیش میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 1 ہزار 567 نئے کورونا وائرس کیسز کی تصدیق کے بعد ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 47 ہزار 372 ہو گئی ہیں۔ کینیڈا کے اپوزیشن لیڈر ایرن او تولے بھی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے۔ علاوہ ازیںمانچسٹر میں اسکولز دوبارہ کھلنے کے چند دن بعد ہی سیکڑوں بچوں کو آئیسولیشن میں بھیج دیا گیا، 15 اسکولوں کے ایک ہزار سے زاید بچوں کو 14روز کے لیے آئیسولیٹ کر دیا گیا ہے جب کہ برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے خبردار کیا ہے کہ کوویڈ 19 انفیکشن (کورونا وائرس) کی دوسری لہر برطانیہ میں آنے والی ہے۔