ایف اے ٹی ایف کا بل نظام اور قومی غلامی کا شکنجہ ہے، ذکر اللہ مجاہد

413

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ایف اے ٹی ایف کا بل نظام اور قومی غلامی کا شکنجہ ہے۔ پاکستان کا آئین مروڑ کر ایف اے ٹی ایف کا بل پاس کیا گیا، جو قابل مذمت ہے۔ تبدیلی سرکار نے بل پاس کرکے اظہار رائے کی آزادی کا حق بھی چھین لیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایف اے ٹی ایف کے بل کی منظوری پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔ میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ حکمرانوں نے اپنے مفادات کے لیے پوری پاکستانی قوم کو غلامی کی دلدل میں دھکیل دیا ہے، جس کی جماعت اسلامی بھر پورمذمت کرتی ہے۔ غلامی کا بل پاس ہونے پر خوشیاں منانے والے ملک و قوم کی دشمن قوتوں کے آلہ کار کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ تبدیلی سرکار نے اپنے دور اقتدار میں متعدد بار آئین پاکستان کے منافی اقدامات کرکے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ حکمران ملک و قوم کی خدمت کا فریضہ سر انجام دینے کے بجائے استعماری قوتوں کے آلہ کاروں کا کردار ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت کی بالادستی اور عدلیہ کی آزادی آئین پاکستان کی پاسداری میں ہے۔ جماعت اسلامی آئین و قانون اور عوام کے حقوق کے تحفظ کیساتھ قومی وحدت کے تقدس کی بحالی کی جدوجہد کررہی ہے اور حقیقی معنوں میں اپوزیشن کا کردار ادا کررہی ہے۔