ملکی تاریخ کے بدترین حکمران قوم پر مسلط ہیں، جاوید قصوری

310

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب و صدرر ملی یکجہتی کونسل پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اربوں روپے کی جائیدادوں کے مالک وزراء نے 2018ء میں صفر ٹیکس ادا کیا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب سمیت وفاقی وزراء اور حکومتی عہدیداران فیصل واڈا، زرتاج گل، نور الحق قادری، فیصل جاوید، فیاض الحسن چوہان جو دن رات قوم کے سامنے تبدیلی اور حب الوطنی کی مالا جھبتے نہیںتھکتے مگر خود ٹیکس چور نکلے ہیں۔ جب حکمران خود ٹیکس چور ہوں گے تو تحریک انصاف کی تبدیلی پر کون اعتبار کرے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملکی تاریخ کے بدترین حکمران قوم پر مسلط ہوچکے ہیں، جن کو عوامی مشکلات کا احساس نہیں۔ مسلسل مہنگائی، بے روزگاری اور لاقانونیت نے ملک و قوم کو مسائل کی دلدل میں مزید دھکیل دیا ہے۔ عوام کو کسی بھی شعبے میں ریلیف میسر نہیں۔ بی آر ٹی حکومت کا ناکام ترین منصوبہ ہے جو صرف ایک ماہ میں ہی بند کردیا گیا۔ اس منصوبے میں اربوں روپے کے قومی خزانے کو نقصان پہنچا ہے، چیئرمین نیب اس کا فوری نوٹس لیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 کروڑ آبادی میں صرف 17 لاکھ افراد ٹیکس ادا کرتے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ حکومت ٹیکس کے فرسودہ نظام کو ٹھیک کرے مزید افراد کو اس میں شامل کیا جائے۔ ملک میں 500 خاندان ایسے ہیں جو پورے ملک کے وسائل پر قابض ہیں۔ تحریک انصاف نے جس نظام کے خاتمے کے لیے مینڈیٹ حاصل کیا، اسی نظام کی تقویت کا باعث بن رہے ہیں۔ حکومت نے گرے لسٹ کی آڑ میں پاکستانی قوم کو غلامی کے شکنجے میں جکڑ دیا ہے۔ فیٹف بل غیر قانونی اور غیر آئینی ہے جس کا مقصد صرف اور صرف غیر ملکی آقائوں کو خوش کرنا ہے۔