سردیوں میں صنعتوں اور گھریلوں صارفین کو گیس قلت کا سامان رہے گا‘ حکومت

235

لاہور(نمائندہ جسارت)وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے پیٹرولیم ندیم بابر نے کہا ہے کہ ملک میں گیس کی قلت دور کرنے کے لیے حکومت دسمبر میں آف شور میں گیس کی تلاش کے لیے 10بلاکس کے ٹینڈرز جاری کرے گی ،جے آئی ڈی سی کے بارے میں عدالتی حکم پر اس طرح عملدرآمد کریں گے کہ کوئی بھی انڈسٹری مالی مسائل کا شکارنہ ہو ،آئندہ موسم سرما میں انڈسٹری اور گھریلوںصارفین کو گیس کی قلت کا سامنا کرنا پڑے گا جس کے لیے گیس کی لوڈ مینجمنٹ کا پلان بنا لیاہے،رواں مالی سال کے بجٹ میںپیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی وصولی کا ہدف 450ارب روپے رکھا گیا ہے جسے حاصل کرنے کے لیے ہر ماہ شرح میں ردو بدل کیا جاتا ہے لیکن اسے صفر نہیں کر سکتے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوںنے اپٹماہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوںنے اپٹما کے عہدیداروں کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل کو حل کر ے گی ، اس کی عالمی سطح پر مسابقت قائم رکھی جائے گی تاکہ ٹیکسٹائل برآمدات بڑھیں ۔ انہوں نے کہاکہ فی الوقت گیس کی کمی کو ایل این جی سسٹم میں شامل کر کے پورا کر رہے ہیں، سندھ کی انڈسٹری کو مقامی گیس فراہم کی جارہی ہے ،ملک میں طلب کے مطابق رسد پوری کرنے کے لیے3 سے 5برس درکار ہوگا ۔ انہوں نے کہاکہ موسم سرمامیں دسمبر کے آخر اور جنوری کے لیے گیس کی قلت کو پورا کرنے کے لیے لوڈ مینجمنٹ پلان تیار کر لیا ہے ، ہماری کوشش ہے کہ انڈسٹری گیس کی قلت سے کم سے کم متاثر ہو ۔