فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے کوششیں تیز کی جائیں ،وزیراعظم

227

اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وزیر اعظم عمران خان نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک میں فلم انڈسٹری کے فوری بحالی کے لیے کوششیں تیز کریں۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایک خصوصی اجلاس کی صدارت کی جس کے دوران کورونا وبا پھیلنے کی وجہ سے بند ہونے والے سینما اور فلم انڈسٹری کی فوری بحالی اور ملک بھر میں سینما گھر کھولنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم کو اجلاس میں ملک میں بتدریج سینما گھروں کی کھولنے اور کووڈ-19 پروٹوکول پر سختی سے عمل درآمد کے بارے میں بتایا گیا۔اجلاس کے دوران وزیر اعظم نے اعلی معیار کا مقامی مواد تیار کرکے پاکستان کی فلمی صنعت کو بہتر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ اس کے روشن مستقبل کے لیے روڈ میپ تیار کرنے پر کام کرے۔وزیراعظم عمران خان نے کہا ’’نوجوان نسل کو شعور دینے کے لیے فلموں کے ذریعے اپنی ثقافت اور معاشرتی اقدار کو فروغ دینا ضروری ہے۔ بدقسمتی سے ، مقامی مواد کی کمی کی وجہ سے ہم نوجوانوں کو اپنی تاریخ نہیں دکھا پاتے۔انہوں نے مزید کہا ’’ہمیں غیر ملکی مواد خریدنے پر مجبور کیا گیا جس نے مواد کے معیار کے حوالے سے ہمیں پیچھے دھکیل دیا۔ اب وقت آگیا ہے کہ ہمیں اپنی فلم انڈسٹری کی بحالی کے لیے کوششیں تیز کرنی ہوں گی۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ، لیفٹیننٹ جنرل (ر) عاصم سلیم باجوہ نے ٹویٹ کے ذریعے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وزیر اعظم خان پاکستان کی فلمی صنعت کی بحالی اور متحرک کرنے کے مشن پر گام زن ہیں۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے اپنی اور صدر پاکستان کی مراعات کم کرنے کا بل لانے کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کو مراعات میں کمی کا قانون پارلیمنٹ سے منظور کروانے کی ہدایت کی ہے اور سرکاری خرچ پر وی آئی پی اخراجات کے سد باب کے لیے قانون سازی پر کام کرنے کا کہا ہے۔مشیر پارلیمانی امور ڈاکٹر بابر اعوان کے مطابق سربراہان مملکت کی مراعات میں کمی کا بل جلد پارلیمنٹ میں پیش کر دیں گے۔ ماضی میں سربراہان نے ایک سے زائد رہائش گاہوں کو کیمپ آفسز کا درجہ دیا۔بل کے ذریعے سربراہان مملکت کے کئی شہروں میں کیمپ آفسز ڈکلیئر کرنے کی شق کا خاتمہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ صدر اور وزیراعظم صرف ایک سرکاری رہائش گاہ رکھ سکیں گے۔ سکیورٹی، ملازمین، کھانے پینے، انٹرنیٹ اور ٹیلی فون کی مد میں کروڑوں روپے خرچ ہوتے۔ انتخابی منشور سمیت عوام سے کفایت شعاری کا وعدہ پورا ہو گا۔دریں اثناء وزیر اعظم عمران خان سے وزیر ہاؤسنگ پنجاب محمود الرشید نے ملاقات کی ۔ملاقات میں پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ ہفتہ کے روز وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں صوبائی وزیر ہاؤسنگ محمود الرشید نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے پنجاب میں نئے پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ میں پیشرفت اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں سے متعلق بھی آگاہ کیا ۔اس موقع پر وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ بلدیاتی اداروں کو بااختیار بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے محمود الرشید کو ہدایت کی کہ بلدیاتی انتخابات میں نظریاتی کارکنوں کو موقع فراہم کیا جائے تاکہ وہ بڑھ چڑھ کر انتخابات میں حصہ لے سکیں ۔انہوں نے صوبائی وزیر ہاؤسنگ محمود الرشید کو کہا کہ وہ متعلقہ حکام کو نیا پاکستان ہاؤسنگ پراجیکٹ کے حوالے سے ہر قسم کی رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایات جاری کریں ۔ قبل ازیں وزیر اعظم عمران خان نے آئرش امریکن بزنس ٹائیکون چنک فرینی کی جانب سے 8 ارب مالیت کی اپنی تمام دولت بطور خیرات دینے کے عمل کو “حقیقی امیری” قراردیا ہے۔ سابق امریکی ارب پتی کی جانب سے اپنی زندگی میں ہی اپنی تمام دولت عطیہ کرنے کی میڈیا رپورٹس پر اپنے ٹویٹ میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ اسی وجہ سے اس عمل کومیں حقیقی امیری، ایک آزاد روح قرار دیتا ہوں۔