سندھ کے عوام پر جاگیردارانہ آمریت مسلط ہے، ڈاکٹر اسامہ رضی

503

کراچی:جماعت اسلامی کراچی کے نائب امیر ڈاکٹر اسامہ رضی کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام پر جاگیردارانہ آمریت مسلط ہے۔

ناظم آباد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے  ڈاکٹر اسامہ رضی نے کہاکہ  کراچی کے مسئلے کا حل با اختیار شہری حکومت کا قیام ہے ”حقوق کراچی مارچ“ شہر کراچی کے سیاسی مستقبل کو ایک نئی سمت دے گا، دنیا کے پانچ بڑے شہروں میں شامل کراچی  حکمرانوں کی غیر سنجیدگی اور مجرمانہ غفلت و لاپرواہی کے باعث لاوارث بنا ہوا ہے۔

انہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل اور کراچی کے حقوق کی جدو جہد جاری رکھے گی، سندھ کے شہری و دیہی عوام پر جاگیردارانہ آمریت مسلط ہے  جس نے مرکز سے ملنے والے صوبائی خود مختاری کے تمام اختیارات کو عوام تک منتقل کرنے کے بجائے درمیان میں ہی قبضہ کر لیا ہے اور جو اختیارات جنرل پرویزمشرف کے دور میں سٹی گورنمنٹ اور ٹاؤن گورنمنٹ کی شکل میں حاصل تھے، ان پر قبضہ کر لیا ہے۔

ڈاکٹر اسامہ رضی نے مزید کہاکہ اس طرح سندھ کے عوام اور خصوصاً کراچی ایک بے اختیار شہر اور غلامی کی سی کیفیت میں ہے،کراچی تباہ و برباد ہو چکا ہے جس پرمعزز چیف جسٹس بھی بول اٰٹھے ہیں کہ کراچی کو گوٹھ بنا دیا گیا ہے۔