سعید غنی اچانک حیدرآباد اسکولوں کے دورے پر، اساتذہ کی سرزنش

391

حیدرآباد : وزیر تعلیم سندھ سعید غنی ہفتے  کی صبح حیدرآباد  کی مختلف نجی اور سرکاری اسکولوں کے دورے پر نکل گئے،   دورے کے دوران وزیر تعلیم نے کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے اساتذہ اور عملے کی سرزنش کی اور  سختی  کرنے کا حکم دیا۔

ہفتے کی صبح وزیر تعلیم سندھ سعید غنی گورنمنٹ بوائز ڈگری کالج قاسم آباد پہنچے، کالج میں کلاسز میں تدریسی عمل جاری تھا، کالج میں کسی قسم کے ایس او پیز کا کوئی خاطر خواہ انتظامات نہیں تھے، اساتذہ نے ماسک تک نہیں پہن رکھے تھے جس پر سرزنش کی ۔

ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر وزیر تعلیم نے کالج کو سیل کرنے کا کہا اور کم حاضری پر پرنسپل سے باز پرس کی اور احکامات جاری کیے۔

وزیر تعلیم سندھ  نے شہر کے دیگر اسکولوں کا بھی دورہ کیا، اساتذہ کو اسکولوں اور کالجز میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کے احکامات جاری کئے جبکہ  میراں اسکول کا دورہ کر کے سعید غنی نے  اسکول کے احاطے میں پودا بھی لگایا۔

دوسری جانب   گزشتہ روز وزیر تعلیم سعید غنی نے اورنگی ٹاؤن کراچی کے ایک نجی اسکول ہر اچانک چھاپہ مارا،  فیض پبلک اکیڈمی نامی پری پرائمری اسکول میں تدریسی عمل جاری ہونے پر فوری طور پر ڈی سی ویسٹ کو اسکول سیل کرنے کے احکامات جاری کردیئے اور فوری طور پر اسکول کے مالک اور پرنسپل کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے  کا حکم دیا۔

واضح رہے سعید غنی نے کہا کہ تمام ایس او پیز کا مکمل خیال رکھا جائے، اسکول انتظامیہ، اساتذہ اور والدین سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد کرائیں، اسکول میں سینیٹائز ہر کلاس روم میں رکھا جائے، کلاسز میں سماجی دوری کو برقرار رکھا جائے۔

خیال رہے  این سی او سی نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد نہ کرنے پر سخت ایکشن لیتے ہوئے ملک بھر میں35  سے زائد تعلیمی ادارے بند کردیے ہیں۔