جماعت اسلامی کی حقوق کراچی مارچ کی تیاریاں جاری

803

کراچی:جماعت اسلامی کے تحت شہر کے گھبیر مسائل کے حل اور کراچی کے آئینی قانونی اور جائز حق کے لیے اتوار 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر ”حقوق کراچی مارچ“  کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔

 مردو خواتین کارکنان شہر بھر میں بھر پور طریقے سے متحرک اور سر گرم عمل ہیں اور رابطہ عوام مہم کا آغاز کردیا گیا ہے، گھر گھر رابطے کیے جا رہے ہیں اور عوام کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی جا رہی ہے۔

 کراچی کے مسائل اور حقوق کے حوالے سے ہینڈ بلز بڑے پیمانے پر تقسیم کیے جا رہے ہیں، مارچ میں مختلف شعبہ زندگی اور طبقات سے وابستہ افراد، سول سوسائٹی، وکلاء، ڈاکٹرز، انجینئرز، اساتذہ و طلبہ، علمائے کرام، محنت کش و مزدور، تاجر برادری، نوجوان، بچے اور بزرگ سمیت خواتین بھی بہت بڑی تعداد میں شریک ہوں گی۔

 امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق مارچ سے خصوصی خطاب کریں گے۔ حلقہ خواتین کی ذمہ داران اور خواتین کارکنان بھی جوش و خروش کے ساتھ تیاریوں میں شریک ہیں۔

 مارچ میں  عوام کی کثیر تعداد میں شرکت کے پیش نظر بڑے پیمانے پر انتظامات کیے جا رہے ہیں، اس کے لیے تشکیل دی گئی متعدد کمیٹیاں میں مصروف عمل ہیں جبکہ این ایل ایف، جمعیت اتحاد العلماء، تنظیم اساتذہ، پاکستان اسلامک میڈیکل ایسوسی ایشن، انجینئرز فورم، اسلامک لائرز موومنٹ اور آل پاکستان اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز سمیت دیگر تنظیموں کے ذمہ داران اور کارکنان بھی اپنے اپنے شعبے سے وابستہ افراد کو مارچ میں شرکت کی دعوت دے رہے ہیں۔

علاوہ ازیں شہر بھر میں بڑے پیمانے پر پبلیسٹی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ اہم شاہراؤں اور سڑکوں پر قائم آہنی پلوں پر  ہورڈنگز بورڈز کے علاوہ بڑے بینرز اور پوسٹرز بھی آویزاں کر دیئے گئے ہیں  جن میں کراچی کے حقوق اور مسائل کے حل کے حوالے سے مختلف مطالبات درج ہیں اور عوام کو 27ستمبر کو شاہراہ قائدین پر آنے کی دعوت دی گئی ہے۔