ہماری حکومت نے 2071 تک کے منصوبے تیار کر لئے ہیں، ترک صدر

497

انقرہ:ترک صدر رجب طیب اردگان کا کہنا ہے کہ ہماری حکومت نے 2053 اور 2071 کے انفرا اسٹرکچر کے منصوبے تیار کر لئے ہیں۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق نارتھ مارمرا ہائی وے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رجب طیب اردگان نے  کہا کہ یہ منصوبے زبانی کلامی نہیں ہیں بلکہ ہماری حکومت نے اس کے لئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں،ہمارا آج کا فیصلہ ترکی کو خطے اور عالمی سطح کی سپر پاور بننے میں مدد دے گا۔

ترک صدر کا مزید کہنا تھا کہ آج کا ترکی سیاسی، عسکری اور معاشی طور پر ایک مستحکم ملک ہے، آج ترکی لیبیا، شام، مشرقی بحیرہ روم اور بحیرہ اسود میں موجود ہے، کچھ ممالک ترکی کو ترقی سے روک کر معاشی اور سیاسی طور پر نقصان پہنچانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث ترک معیشت کو جو نقصان پہنچا تھا وہ بہت حد تک ریکور کر لیا گیا ہے۔ دیگر ممالک کی معیشتوں کے مقابلے میں ترک معیشت کو کم نقصان پہنچا ہے۔