اپوزیشن کا اے پی سی منعقد کرنا سیاسی، جمہوری، آئینی حق ہے: لیاقت بلوچ

657

لاہور: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کا آل پارٹیز کانفرنس منعقد کرنا سیاسی، جمہوری، پارلیمانی اور آئینی حق ہے۔

لیاقت بلوچ نے اپنے بیان میں کہا کہ کانفرنس میں کون شریک ہوتا ہے اور کون خطاب کرتا ہے یہ اتنا اہم نہیں جتنا یہ اہم ہے کہ اپوزیشن جماعتیں کس ایجنڈا اور کس لائحہ عمل پر متحد ہوتی ہیں۔ صرف اے پی سی منعقد کرلینے سے نہیں مزاحمت اور میدان عمل میں کردار ہی اپویزیشن کے مقام کو واضح کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ گذشتہ عرصہ میں اپوزیشن جماعتوں نے اپنے عمل سے قوم میں پوری شدت سے دو آراء پیدا کی ہیں، سینیٹ چیئرمین انتخاب اور عدم اعتماد کا مرحلہ ہو فوجی عدالتوں، آرمی چیف کی مدت ملازمت توسیع بل ہو یا ایف اے ٹی ایف قومی غلامی کا بل ہو بڑی اپوزیشن جماعتوں نے صورتحال کو از خود مشکوک بنایا ہے۔ آئندہ کی صورتحال تو اے پی سی کے نتائج پر ہی ہوگی۔

لیاقت  بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی اپوزیشن کا حقیقی کردار ادا کر رہی ہے مہنگائی، بیروزگاری، لاقانونیت، عوامی حقوق کے تحفظ، مظلوم کشمیریوں کی پشت بانی اور کورونا متاثرین، سیلاب متاثرین کی امداد کا معاملہ ہو جماعت اسلامی ہر محاذ پر فعال قومی کردار ادا کررہی ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ ماضی میں اتحادوں کی سیاست اور اپوزیشن کے اتحادوں نے جمہوریت اور سیاست کو بڑا نقصان پہنچایا،جماعت اسلامی صاف ستھرے کردار اور واضح دو ٹوک قومی سیاسی بیانیہ  کے ساتھ اپوزیشن کے محاذ پر کردار ادا کرتی رہے گی،جماعت اسلامی دستور،قانون، قانون سازی،قومی وحدت کے تقدس کی بحالی کی جدوجہد کررہی ہے، غریب مظلوم عوام کے حقوق کا تحفظ ہماری قومی ذمہ داری  ہے۔

انہوں نے کہا کہ حریت کشمیر کے عظیم کشمیریوں  کی پشت بانی ایمانی اور قومی فرض ہے، جماعت اسلامی ملک میں شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابی نظام کے لیے جدوجہد کریگی،عمران خان حکومت ہر محاذ پر ناکام ہے،حکومت اپنی اصلاح اور حالات کے سدھار کے لیے تیار ہے نہ اس میں صلاحیت ہے،حکومت حالات کو خود قبل از وقت انتخابات کی طرف لے جا رہی ہے۔