“وزیراعظم کو شرم دلاؤں گا”: فردوس شمیم نے عمران خان سے متعلق بیان پر یوٹرن لے لیا

790

کراچی: سندھ اسمبلی میں تحریک انصاف کے اپوزیشن لیڈر فردوس سمیم نقوی نے وزیراعظم عمران خان اور وفاقی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنانے پر معذرت کرلی۔

پی ٹی آئی کے رہنما فردوس شمیم نقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ میں تمام انصافیوں سے معافی مانگنا چاہتا ہوں، میرا ارادہ تھا کہ میں وزیر اعظم سے وزیر توانائی اور ایس ایس جی سی کے بارے میں شکایت کروں۔

فردوس شمیم نے کہا کہ تنقید کرنے پر اپنے لیڈر عمران خان سے بھی معذرت چاہتا ہوں۔

گزشتہ روز بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گیس کی بندش کے خلاف اپنی ہی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے فردوس شمیم نے کہا تھا کہ 2 سال سے ٹرک کی بتی کے پیچھے لگایا ہوا ہے، وزیراعظم سمیت سب کو شرم دلاؤں گا اور مسئلے کے حل تک خاموش نہیں بیٹھوں گا۔

فردوس شمیم گزشتہ روز کے-الیکٹرک اور ایم ڈی سوئی سدرن گیس کے دفتر جا پہنچے تھے اور کراچی کے مختلف علاقوں میں بجلی کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور سوئی گیس کی بندش کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے معاملہ وفاقی وزیر توانائی کے سامنے اٹھانے کا اعلان کیا تھا۔

فردوس شمیم نقوی کی قیادت میں تحریک انصاف کے وفد نے ایم ڈی سوئی سدرن سے ملاقات کی۔ فردوس شمیم نقوی کا اس موقع پر کہنا تھا کہ کراچی میں گیس کی لوڈشیڈنگ، پریشر میں کمی اور بلنگ کی شکایات ہیں، اس معاملے پر وفاقی وزیر سے بھی رابطے میں ہیں۔

کے-الیکٹرک حکام سے ملاقات میں انہوں نے واضح کیا کہ جو ادارہ لوڈشیڈنگ ختم نہ کرسکتا ہو اسے کراچی سے نکال دینا چاہیے، 2 سال میں اب تک کراچی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل نہیں ہوسکا ہے، آئندہ ہفتے وفاقی وزیر عمر ایوب کے سامنے احتجاج کریں گے۔

انہوں نے کہا تھا کہ ہمیں اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ وفاق میں کس کی حکومت ہے، عوامی مسئلے پراحتجاج کریں گے اور مسئلے کے حل تک لڑیں گے۔