اسرائیل کے جرائم کی تحقیقات کی جائیں، کینیڈین شہریوں کا مطالبہ

372

کینیڈا کے شہریوں کی بڑی اکثریت نے اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کے حق میں ووٹ دیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈینز فار جسٹس اینڈ پیس مڈل ایسٹ، انڈیپنڈنٹ جیوِش وائسز کینیڈا اور یونائیٹڈ نیٹ ورک فار جسٹس اینڈ پیس نے مشترکہ طور پر ایک سروے کیا، جس میں پوچھا گیا تھا کہ کیا اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کی جائیں یا نہیں؟

سروے میں شامل 84 فیصد لوگوں نے اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل کے ساتھ بھی وہی سلوک کیا جائے جو باقی ممالک کے ساتھ ہوتا ہے، کینیڈا اسرائیل کے جنگی جرائم پر پردہ ڈالنے کی کوشش نہ کرے،کینیڈین عوام نے انٹرنیشنل کورٹ آف کرمنل کی آزادی اور خود مختاری کی حمایت بھی کی۔

خیال رہے کہ کینیڈا نے رواں  سال فروری میں عالمی عدالت جرائم کو ایک خط تحریر کیا تھا جس میں مطالبہ کیا تھا کہ اسرائیل کے خلاف جنگی جرائم کی تحقیقات نہ کی جائیں۔

واضح رہے کہ کینیڈا اسرائیل کا اتحادی ہے،اکثر اوقات کینیڈا اسرائیل کے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تنقید سے گریز کرتا ہے، تاہم سروے کرنے والی این جی اوز کا کہنا ہے کہ کینیڈا کی حکومت کی اسرائیل نواز پالیسی سے عوام خوش نہیں ہیں۔