حکومت کااینٹی ڈوپنگ گورننگ بورڈ بنانے کا فیصلہ

405

اسلام آباد (جسارت نیوز)حکومت نے پاکستان میں ڈوپ فری کلچر کو فروغ دینے کے لئے نیشنل اینٹی ڈوپنگ گورننگ بورڈ بنانے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان اسپورٹس بورڈ کے بورڈ کے 22ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے بورڈ کا 22واں اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ و صدر پاکستان اسپورٹس بورڈ ڈاکٹر فہمیدہ مرز نے کی۔اجلاس میں وفاقی وزیر برائے آئی پی سی نے بتایا کہ حکومت نے پاکستان میں ڈوپ فری کلچر کو فروغ دینے کے لئے نیشنل اینٹی ڈوپنگ گورننگ بورڈ بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ بورڈ پی ایس بی، پی سی بی، پی او اے، ہیلتھ ڈویژن اور لاء ڈویژن کے نمائندوں پر مشتمل ہوگا۔ بورڈ کھلاڑیوں کے حقوق کا تحفظ اور کھیلوں کی سالمیت کو برقرار رکھے گا اور کھیلوں کے کھلاڑیوں کو ڈوپنگ کے نتائج سے آگاہی فراہم کرے گا۔ پاکستان سپورٹس بورڈ کے دائرہ کار اور اس کے افعال پر آئین میں اٹھارویں ترمیم کے تناظر میں غور کیا گیا ہے اور اس سے بورڈ کے کام میں تبدیلی کی ضرورت ہے۔ غیر ضروری اخراجات کو کم کرنے اور موجودہ حکومت کے وڑن کے مطابق کھیلوں کی سرگرمیوں کے لئے اخراجات میں کمی اور محصولات میں اضافے کے تخمینے کی پالیسی پر عمل کرنے کی اشد ضرورت ہے۔