فیڈریشنوں کی مالی معاونت صرف کارکردگی کی بنیاد پر ہوگی ، ڈاکٹر فہمیدہ مرزا

237

 

اسلام آباد(جسارت نیوز) وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے کہا کہ حکومت نیشنل اسپورٹس فیڈریشن کی مالی معاونت صرف کارکردگی کی بنیاد پر کی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پاکستان سپورٹس بورڈ کے بورڈ کے 22ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان اسپورٹس بورڈ کے بورڈ کا 22واں اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس کی صدارت وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ و صدر پاکستان اسپورٹس بورڈ ڈاکٹر فہمیدہ مرز نے کی۔ وفاقی وزیر نے اجلاس میں شریک تمام شرکا کا خیرمقدم کرتے ہوئے اجلاس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم پاکستان کے وژن کے تحت پی ایس بی کے بورڈ کو کم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بورڈ کو کھیلوں کی ثقافت پیدا کرنے، حکومتی پالیسی اور معاشی چیلنجوں کو مدنظر رکھتے ہوئے کم ترقی یافتہ علاقوں کو فروغ دینے کے لئے اہم فیصلے کرنے ہوں گے نجی شعبہ پوری دنیا میں کھیلوں اورکھلاڑیوں کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ نجی شعبے کے ممبران ملک میں کھیلوں کے فروغ اور ترقی کے لیے گہری دلچسپی لیں گے۔ بورڈ نے بورڈ سے وابستہ نیشنل اسپورٹس فیڈریشنوں کو دیے جانے والی گرانٹ ان ایڈ کی منظوری کے معیار پر غور کرتے ہوئے معیار کو منظور کیا، جس کے مطابق حکومت نیشنل اسپورٹس فیڈریشن کی مالی معاونت صرف کارکردگی کی بنیاد پر کی جائے گی اور جن کا کلب اور تحصیل کی سطح پر ڈھانچہ ہوگا۔ این ایس ایف آئندہ مالی سال کے لیے مارچ کے مہینے کے دوران بجٹ تخمینے کے ساتھ سالانہ سرگرمیاں کا کیلنڈر پیش کریں گے تاکہ ان کی تجاویز کو پی ایس بی کے بجٹ میں شامل کیا جا سکے۔ این ایس ایف پچھلے مالی سال کے لئے آڈٹ فرم کے ذریعہ قانونی طور پر آڈٹ شدہ اکاؤنٹس کی رپورٹ پیش کریں گی اور گرانٹ صرف ان اکاؤنٹس کی وصولی پر جاری کی جاتی ہے۔ بورڈ نے پی ایس بی کو ایک پیشہ ور اور مؤثر ادارہ بنانے کے لئے پی ایس بی کی تنظیم نو اور اصلاحی کاموں کے لئے ایک پیشہ ور کنسلٹنٹ کو شامل کرنے کی منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ بورڈ نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کے انتظامی ، کھیلوں کی سرگرمیوں اور مرمت / بحالی کے اخراجات کی بھی توثیق کی۔ بورڈ نے پی ایس بی کو تمام طریقہ کار کی باضابطہ تکمیل کے بعد بلاک بنیادوں پر نجی شعبے کے ذریعے کھیلوں کے انفرااسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے یا ترقی دینے کی بھی اجازت دی۔ وفاقی وزیر برائے آئی پی سی نے ممبران کو بتایا کہ موجودہ حکومت نے پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) میں پاکستان میں آئندہ بین الاقوامی مقابلوں کے انعقاد کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں موجودہ سہولیات کی مرمت/تزئین و آرائش اور اپ گریڈیشن کے لئے 1949.606 ملین روپے کی رقم مختص کی ہے۔ پی ایس بی کوچنگ سینٹر ، پشاور کے لئے 295.572 ملین کی رقم رکھی گئی تھی۔ اجلاس میں پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سیّد عارف حسن نے پاکستان میں چودہویں جنوبی ایشین گیمز کے انعقاد کے بارے میں بات کی جس پر وفاقی وزیر نے جواب دیا کہ اس سلسلہ میں بورڈ کا ایک اور خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا جس میں پورے معاملے پر غور کیا جائے گا۔ اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر میجر جنرل (ر) محمد اکرم ساہی نے بتایا کہ بین الاقوامی مقابلوں سے عوام میں زبردست دلچسپی پیدا ہوتی ہے۔