۔5 واں پی ایس ایل مکمل نہ ہوا تو اگلے ایڈیشن پر سوالیہ نشان لگے گا ، عاقب جاوید

223

 

لاہور(جسارت نیوز) لاہور قلندرز کے ڈائریکٹر عاقب جاوید نے کہاہے کہ پی ایس ایل فائیو کے باقی میچز کا ہونا بہت ضروری ہے، اگر یہ میچز نہ ہو ئے تو پھر پی ایس ایل 6 پر بھی سوالیہ نشان لگ جائے گا۔سابق قومی کرکٹر نے کہا کہ دوسرے ممالک میں اب بھی قرنطینہ 15 روز کا چل رہا ہے، اگر پاکستان میں بھی قرنطینہ 15 روز کا ہوتا تو مجھے نہیں لگتا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کی ہامی بھرتے لیکن اب ایسا نہیں ہے۔ ڈائریکٹر لاہور قلندرز عاقب جاوید نے کہا کہ 48 گھنٹوں کی وجہ سے اب کسی کھلاڑی کے لیے معذرت پیش کرنے کی کوئی وجہ نہیں ہے۔عاقب جاوید نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کے انعقاد کے لیے اخبارات میں بہت کچھ پڑھنے کو ملتا ہے کہ براڈ کاسٹرز اور فرنچائزز کے مسائل کے حوالے سے چیلنجز ہیں، مجھے امید ہے کہ پی سی بی ان چیلنجز پر پورا اترے گا اور یہ میچز ضرور ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اگر یہ 4 میچز بھی ممکن نہیں ہو پاتے تو پھر اگلے سیزن پر بھی سوالیہ نشان آئیں گے، پی ایس ایل کا مکمل ہونا بہت ضروری ہے، 70 سالوں میں اگر کوئی برانڈ پاکستان میں بنا ہے تو وہ پی ایس ایل ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز اسی طرح مزید دو تین برس لگاتار پاکستان میں ہوتے ہیں تو اس کے پاکستان میں کھیلوں پر مثبت اثرات پڑیں گے۔عاقب جاوید پر امید ہیں کہ اگر تمام چیزیں مثبت رہتی ہیں اور پی ایس ایل کے باقی میچز شیڈول کے مطابق ہوتے ہیں تو یقینی طور پر غیر ملکی کھلاڑی بھی پاکستان آئیں گے، غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں وہ ابھی سے پوچھتے رہتے ہیں اور بین ڈنک آنے کے لیے پرجوش ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ غیر ملکی کھلاڑی آئی پی ایل کے لیے متحدہ عرب امارات میں ہی ہوں گے تو انہیں آنے میں آسانی ہو گی۔