بدین، 32 غریب بچیوں کے والدین میں جہیز کا سامان تقسیم

257

بدین (نمائندہ جسارت) فلاحی ادارے ایس ایم بی ٹی فائونڈیشن کی جانب سے ’’جہیز کفالت‘‘ تقریب کا انعقاد، 32 غریب بچیوں کے والدین میں جہیز کا سامان تقسیم۔ ایس ایم بی ٹی فائونڈیشن کی جانب سے ’’جہیز کفالت‘‘ کے نام سے تقریب ہوئی جس میں 32 والدین کو ان کی بیٹیوں کی شادی کا جہیز دیا گیا، جن والدین میں جہیز کی خریداری کی سکت نہیں تھی ہر خاندان کو ضروریات زندگی سے تعلق رکھنے والا مکمل سامان دیا گیا۔ تقریب میں ایس ایم بی ٹی کے رہنما سردار خان بھٹی نے حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایس ایم بی ٹی فائونڈیشن بغیر کسی ڈونر کے اپنی مدد آپ کے تحت فائونڈیشن کے روح رواں ال اعتماد گروپ آف کمپنیز کے سی ایم او ارباب محمد زبیر کی جانب سے کیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری فائونڈیشن نے کبھی کسی بھی شخص یا اداروں سے ایک روپے کا بھی چندہ نہیں لیا بلکہ تمام تر اخراجات فائونڈیشن کے روح رواں ارباب زبیر برداشت کرتے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمارا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت کے ذریعے خدا کی خوشنودی حاصل کرنا ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر گولارچی کاشف رضا منگی اور مختارکار گولارچی دیدار نہڑیو کا کہنا تھا کہ ایس ایم بی ٹی فائونڈیشن کی جانب سے چھوٹے سے شہر میں اتنا بڑا کام کرنا قابل ستائش ہے۔ ایس ایم بی ٹی کے روح رواں ارباب محمد زبیر کو اگر ایدھی کا وارث کہا جائے تو بے جا نا ہوگا۔ واضح رہے کہ ایس ایم بی ٹی فائونڈیشن کی جانب سے لاک ڈائون کے دوران دو ہزار سے زائد متاثرہ خاندانوں میں راشن کے بیگ تقسیم کیے گئے تھے۔