میر پور ماتھیلوں :اینٹی کرپشن کا پبلک ہیلتھ کے دفتر پر چھاپا ،عملہ فرار

247

میر پور ماتھیلو(نمائندہ جسارت) اینٹی کرپشن ٹیم گھوٹکی نے سرکل افسر ایاز میمن کی سربراہی میں سیکنڈ سول جج، جوڈیشل مجسٹریٹ میرپورماتھیلو حمید اللہ کی نگرانی میں محکمہ پبلک ہیلتھ میرپورماتھیلو ضلع گھوٹکی کے دفتر پر چھاپا مارا۔ اینٹی کرپشن ٹیم کو دیکھتے ہی مذکورہ دفر کا عملہ فرار ہو گیا۔ اینٹی کرپشن ٹیم نے دفتر کے 6 کمرے سیل کردیے،واضح رہے کہ چھاپا نکاسی آب کے 38.380 ملین کے منصوبے میں کرپشن کے شواہد ملنے پر مارا گیا تھا۔ سرکل افسر ایاز میمن کے مطابق نکاسی آب کے منصوبے کے لیے بجلی کی موٹریں اور انجن کی خریداری میں غبن ہوا ہے۔نکاسی آب کے لیے کنویں تعمیر کرنا تھے جو نہ ہو سکے اور ضلع بھر میں برسات کا پانی کھڑا رہا۔ سرکل ایاز میمن نے مزید بتایا کہ 6دفاتر بشمول انجینئر آفس سیل کردیے لیکن ریکارڈ نہیں مل سکا۔ علاوہ ازیں صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی و محکمہ امداد باہمی جام اکرام اللہ دھاریجو نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کرپشن کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی اور افسران بلا خوف و خطر کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی کریں۔