۔21تا 25ستمبر مہم میں ہر بچے کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے جائیں

191

نوابشاہ (نمائندہ جسارت)کمشنر شہید بینظیر آباد ڈویژن سید محسن علی شاہ نے محکمہ صحت کے افسران اور ڈویژن کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات دیتے ہوئے کہا ہے کہ21 سے 25 ستمبر تک منعقد ہونے والی قومی انسداد پولیو مہم کے دوران 5 سال عمر تک کے تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کیئے جائیں تاکہ کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ
کے قطرے پینے سے نہ رہے ۔انہوں نے یہ بات کمشنر آفس کے کمیٹی روم میں ڈویژنل ٹاسک فورس برائے پولیو کے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر شاہد علی شاہ،ڈپٹی کمشنر سانگھڑ عمران الحسن خواجہ،ڈپٹی کمشنرنوشہروفیروز کیپٹن (ر) بلال شاہد راؤ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد جنید حمید سموں ،ڈبلیو ایچ اوکے ڈویژنل کوآرڈینیٹر برائے پولیو ڈاکٹر عالم آزاد،تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران،پولیس ودیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔کمشنر نے کہا کہ اس سال نوشہروفیروز میں پولیو کے 2 کیس رپورٹ ہوئے ہیں اس لیے تمام ٹیمیں ومتعلقہ افسران ایمانداری سے اپنے فرائض سرانجام دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بارشوں و سیلاب متاثرہ علاقوں کے بچوں کوانسداد پولیو کے قطرے پلانے کے لیے خصوصی پلان ترتیب دیا جائے۔