انصاف ہوگا تو امن وخوشحالی ہوگی‘ چیف جسٹس بلوچستان

142

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)چیف جسٹس آف بلوچستان جمال خان مندوخیل نے دالبندین میں واقع جوڈیشل کمپلیکس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بلوچستان ہائی کورٹ کے جج صاحبان، اعلیٰ سرکاری افسران اور سیاسی و قبائلی معتبرین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ چیف جسٹس آف بلوچستان ہائی کورٹ نے کہا کہ عوام کو بروقت انصاف کی فراہمی کے لیے عدلیہ اپنا کام کر رہی ہے‘ دوردراز کے علاقوں میں انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا‘ عوام کا انصاف کے لیے عدلیہ پر بڑا انحصار ہے‘ اگر عدالتیں بروقت لوگوں کو انصاف فراہم کریں گی تو امن و امان ہوگا اور ترقی و خوشحالی بھی آئے گی ‘ ہم عوام کے ٹیکسوں کی بدولت تنخواہیں اور مراعات لیتے ہیں اس لیے اپنے ضمیر کو زندہ رکھنے کے لیے حق اور سچ کا ساتھ دیںگے‘ آخر ہمیں بھی اللہ تبارک و تعالیٰ کی بارگاہ میں جواب دہ ہونا ہے‘ ناانصافی سے مزید مسائل جنم لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جوڈیشل کمپلیکس کی تعمیر کا مقصد محض ایک بلڈنگ کھڑی کرنا نہیں بلکہ یہ انصاف کی فراہمی کے لیے لوگوں کے اعتماد کا ادارہ ثابت ہوگی۔