ہر الزام کا سامنا کرونگا، ملک سے نہیں بھاگوں گا، خورشید شاہ

339

سکھر (صباح نیوز/ اے پی پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما خورشید شاہ نے کہا ہے کہ میری آواز دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے، میں نے سکھر والوں کی 32 سال خدمت کی ہے، ہر چیز کا سامنا کرنے کیلیے ملک میں موجود ہوں، باہر نہیں جائوں گا۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوںنے احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ، ان کی 2 بیگمات، 2 بیٹوں فرخ شاہ، زیرک شاہ، داماد صوبائی وزیر اویس قادر شاہ سمیت 18 افراد کے خلاف ایک ارب 23 کروڑ سے زائد کے اثاثے بنانے کے ریفرنس کی سماعت سکھر کی احتساب عدالت میں ہونی تھی جو کہ بارکونسل کی ہڑتال کے باعث 5 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔ خورشید شاہ کے علاوہ ان کے صاحبزادے اور داماد بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ بعد ازاں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ مجھے آزاد کرنے کا حکم دیا گیا تو نیب والے ہائیکورٹ چلے گئے۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اپوزیشن کا ایک پیج پر آنا وقت کی ضرورت ہے، وزیراعظم عمران خان کے قول و فعل میں تضاد ہے، وزیراعظم نے قوم سے کیا گیا کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا، حکومت کو بھی کرپشن کرپشن کا شور اب ختم کرنا ہوگا، حکومت کے ذی شعور لوگ ریاست پاکستان کیلیے اپنا کردار ادا کریں۔ قیادت کمزور ہونے کی وجہ سے بھارت بھی آئے روز پاکستان پر حملے کر رہا ہے۔