وزیر اعلیٰ بلوچستان کی وفاقی وزیر توانائی سے اہم ملاقات

143

کوئٹہ (نمائندہ جسارت) وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے پیٹرولیم ہاؤس میں وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب سے اہم ملاقات کی جس میں سوئی مائننگ لیز کی توسیع، پارکو کے لیے اراضی کی فراہمی، قدرتی گیس کی بلنگ کے میکنزم، صوبے کے دوردراز علاقوں میں ایل پی جی پلانٹس کی تنصیب سمیت توانائی کے شعبہ سے متعلق دیگرا مور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے توانائی وقدرتی وسائل ندیم بابر، وفاقی و صوبائی سیکرٹری توانائی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے، ملاقات میں بلوچستان میں شعبہ توانائی میں وفاق کی معاونت سے جاری ترقیاتی منصوبوں پر عملدرآمد کی رفتار تیز کرنے، صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مشترکہ اقدامات کرنے اور قدرتی وسائل کی تلاش وترقی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے علاوہ توانائی اور پیٹرولیم سیکٹر میں وفاقی اور صوبائی حکومت کے درمیان تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزارت پیٹرولیم کی جانب سے بلوچستان کے تیل اور گیس کے سب سے اہم بلاک 28میں بلوچستان حکومت کو منافع کا 2.5فیصد حصہ دینے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا۔ملاقات میں صوبے کے سرد علاقوں کے عوام کو گیس بلنگ میں ریلیف دینے کے لیے بلنگ کے موجودہ طریقہ کار کا ازسرنو جائزہ لینے کا فیصلہ بھی کیا گیا جبکہ دوردراز علاقوں کو گیس کی فراہمی کے لیے ایل پی پلانٹس کی تنصیب اور سبسڈی پر گیس کی فراہمی کے منصوبے کو منظوری کے لیے ای سی سی کے اجلاس میں پیش کرنے سے اتفاق کیا گیا، اجلاس میں نوکنڈی ونڈ کوریڈور کے منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ کو توانائی کی ترقی کے قومی پروگرام میں شامل کرنے کافیصلہ بھی کیا گیا۔