دہشت گردی کے پیچھے بھارت ہے ، اسرائیل پر موقف نہیں بدلا، پاکستان

270

اسلام آباد(نمائندہ جسارت) پاکستان نے کہا ہے کہ دہشت گردی اور فرقہ واریت کو ہوا دینے کے پیچھے بھارت ہے، جس کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ جمعہ کو ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ بھارت کی کوشش ہے کہ کل بھوشن کے لیے وکیل باہرسے لایا جائے، پاکستانی قانون کے مطابق ایسا ممکن نہیں، بھارت کو بتایا گیا ہے کہ کل بھوشن کو صرف پاکستانی وکیل ہی دیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم خطے کے امن کے لیے خطرہ ہیں، مودی حکومت اکھنڈ بھارت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، چین و پاکستان سمیت بھارت کے اپنے پڑوسیوں سے سرحدی تنازعات ہیں۔زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے حوالے سے پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیںہوئی ، پاکستان فلسطینی ریاست کا حامی ہے، پاکستان مشرق وسطیٰ میں امن چاہتا ہے اورفلسطین کے 2 ریاستی حل پر یقین رکھتا ہے،القدس الشریف فلسطین کا دارالحکومت ہونے کی حمایت کرتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں غیرانسانی فوجی محاصرے، کشمیریوں پرپابندیوں کو آج 410 دن ہوچکے، مقبوضہ کشمیر کے 80 لاکھ عوام باقی دنیا سے کٹ چکے ہیں،پوری مقبوضہ وادی کو ایک جیل میں بدل دیا گیا ہے، 3 دن میں قابض بھارتی افواج نے 5معصوم کشمیریوں کو ماورائے عدالت قتل کیا،بھارتی حکومت فوری طور پرتمام حریت قیادت کو رہا کرے اور مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ اور موصلاتی رابطے بحال کرے۔زاہد حفیظ نے بتایا کہ وزیراعظم عمران خان اقوام متحدہ جنرل اسمبلی سے جمعہ 25 ستمبر کو خطاب کریں گے اورمسئلہ کشمیر کوبھرپوراندازمیں اٹھائیں گے جب کہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی بھی جنرل اسمبلی اجلاس میں حصہ لیں گے۔ ترجمان نے کہا کہ امید کرتے ہیں تمام افغان دھڑے اپنے وعدوں کی پاسداری کریں گے، پاکستان افغانستان میں پائیدار امن کا حامی ہے، زلمے خلیل زاد نے اپنے حالیہ دورہ پاکستان میں افغان امن عمل میں پاکستانی کردار کو سراہا۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ترجمان نے بتایا کہ نوازشریف کے حوالے سے موصول ہونے والے وارنٹ لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن کو بھجوادیے گئے ہیں۔