اے پی سی : پیپلز پارٹی کے تمام اپوزیشن قائدین سے رابطے مکمل

157

اسلام آباد(آن لائن+صباح نیوز)اپوزیشن جماعتوں کی کل جماعتی کانفرنس(اے پی سی)کی میزبان جماعت پیپلز پارٹی نے تمام جماعتوں کے قائدین سے رابطے مکمل کر لیے ، پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری، سینیٹر فرحت اللہ بابر، سینیٹر شیری رحمن نے اے پی سی کے شرکا کو دعوت نامے دینے کاسلسلہ جمعہ کو بھی جاری رکھا۔ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے ر ہنمائوں نے (ن) لیگ کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال سے ملاقات کرکے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی۔احسن اقبال نے کہا کہ (ن)لیگ کا وفد اے پی سی میں شرکت کرے گا جب کہ بی این پی بزنجو گروپ کے سینیٹر محمد اکرم، پختونخوا میپ کے سینیٹر عثمان کاکڑ، بی این پی بزنجو کے سینیٹر میر کبیر، بی این پی مینگل کے سینیٹر جہانزیب جمالدین اور جمعیت اہلحدیث کے سینیٹر ساجد میر کو بھی دعوت نامہ پہنچایا گیا۔ بی این پی اے کے صدر اسرار اللہ زہری، جمعیت علمائے پاکستان نورانی کے شاہ اویس نورانی کو فون پر رابطہ کرکے اے پی سی میں شرکت کی دعوت دی گئی۔ اسرار اللہ زہری اور شاہ اویس نورانی نے شرکت کی دعوت قبول کرتے ہوئے وفود کے ساتھ شرکت سے آگاہ کیا۔ اے این پی کے نائب صدر امیر حیدر ہوتی نے اے پی سی میں وفد کے ہمراہ شرکت سے آگاہ کر چکے ہیں۔ دریں اثنائنیئر بخاری نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں کو بلاول کی طرف سے دعوت نامے بھجوا دیے ہیں ،پیپلزپارٹی نے ایجنڈے کو حتمی شکل دے دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ2 سالہ حکومتی کارکردگی اور مستقل کا لائحہ عمل ایجنڈے میں شامل ہے،اپوزیشن جماعتوں کے وفود کے نام موصول ہوگئے ہیں، (ن) لیگ کے وفد میں شہباز شریف، شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال شامل ہیں۔ خواجہ آصف، ایاز صادق، امیر مقام اور مریم اورنگزیب بھی ن لیگ کے وفد میں شامل ہیں۔ جے یو آئی کے وفد میں مولانا فضل الرحمن، اکرم درانی اور عبدالغفور حیدری شامل ہیں دیگر اپوزیشن جماعتوں نے بھی اپنے وفود کے نام ارسال کردیے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اے پی سی میں شرکت کرنے والے وفود میں تبدیلی اپوزیشن جماعتوں کی اپنی صوابدید ہے، وفود ناموں کی تبدیلی اپوزیشن جماعتوں کا اپنا فیصلہ ہوگا۔