موٹروے زیادتی کیس‘ ملزم عابد ملہی پولیس کو چکمہ دیکر فرار

292

لاہور (نمائندہ جسارت) لاہور، ساہیوال اور قصور کے بعد ننکانہ صاحب میں بھی پولیس کی بھاری نفری ایک بار پھر ہاتھ ملتی رہ گئی‘ ملزم عابد ہاتھ نہ آیا۔ ملزم اپنی سالی کے گھر آیا تھا تو اس کی ساس نے پولیس کی ہیلپ لائن15پر عابد کی موجودگی سے متعلق اطلاع دی لیکن پولیس 30 منٹ بعد پہنچی تو وہ وہیں موجود تھا، کشور بی بی کے اشارے پر ملزم 3 میٹر کے فاصلے سے پولیس کو چکمہ دے کر فرار ہوگیا۔ پولیس کی ساری کوششیں دھری کی دھری رہ گئیں۔ 10روز گزر گئے، موٹر وے زیادتی کا مرکزی ملزم تا حال گرفتار نہ ہوسکا جو پولیس کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ موٹروے زیادتی کیس کے مرکزی ملزم عابد کی تصویر اور معلومات لیک ہونے کی ابتدائی رپورٹ ایوان وزیراعلیٰ پنجاب کو موصول ہوگئی‘ متعلقہ شخص کی نشاندہی کرلی گئی۔تحقیقاتی ٹیم نے ملزم عابد ملہی کی گرفتاری کے لیے اپنی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ملک کے دیگر3 صوبوں تک پھیلا دیا ہے‘ پولیس کی مختلف ٹیمیں ملزم کا سراغ لگانے کے لیے سندھ، بلوچستان اور کے پی کے روانہ ہو گئی ہیں ‘ ملزم کے موبائل کے ذریعے حاصل کی جانے والی ٹریول ہسٹری کے مطابق ملزم سندھ کے ضلع جامشورو، کے پی کے ضلع بونیر اور ہنگو میں بھی قیام پذیر رہ چکا ہے۔