حکومت پنجاب کی استدعا پر ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت مؤخر

175

لاہور (نمائندہ جسارت) پنجاب حکومت کی استدعا پر ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت 15 دن کے لیے مؤخر کردی گئی۔ اس بات کافیصلہ جمعہ کو الیکشن کمیشن سیکرٹریٹ میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت پنجاب لوکل گورنمنٹ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کے ایک اہم اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن نے الیکشن کمیشن کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کی حلقہ بندیوں کی پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا۔ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پنجاب ویلج، پنچایت اور نیبر ہوڈ کونسلز کے نام رکھنے سے متعلق کارروائی حکومت پنجاب کے فوکل پرسنز/ ڈپٹی کمشنر زکی مشاورت سے مکمل کر لی گئی ہے اور الیکشن کمیشن کی طرف سے ابتدائی حلقہ بندیوں کی اشاعت آج 18 ستمبر 2020 کو ہونی ہے جس کیلیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ پنجاب نے الیکشن کمیشن سے استدعا کی کہ قانوناً پنجاب میں ویلج، پنچایت و نیبر ہوڈ کونسلز کے نام رکھنے کی کابینہ سے منظوری ضروری ہے ۔ اس تمام کارروائی کے لیے وقت درکار ہے لہٰذا درخواست کی جاتی ہے کہ ابتدائی فہرستوں کی اشاعت کو ملتوی کیا جائے۔